وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کر رہی ہے۔انہوں نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ ہم امن و استحکام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے آئندہ چندہفتے اور ماہ انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے نصف اتحادی فورسز کا انخلاء مکمل ہو گیا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔شاہ محمود قریشی نے افغان قیادت پر زور دیا کہ وہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھے اور افغان مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جنگ اور لڑائی سے پہلے ہی بہت نقصان ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری افغان قیادت سے یہ مفاہمت ہوئی ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیںگے اور ہم نے بھی اس حوالے سے واضح پالیسی اختیار کی ہے کہ پاکستان کی سرزمین بھی افغانستان یا کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔