اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر سوال جواب میں کہا ہے کہ سازش تھی یا نہیں کسی کا نقطہ نظر ہو سکتا ہے فیصلہ نہیں۔ سپریم کورٹ کو چاہئے جوڈیشل کمیشن بنائے اور فیصلہ کرے۔ جو سازش ہوئی ہے اس سے ہماری قوم زندہ ہو گئی ہے۔ حکومت گرائی گئی تو بھارت اور اسرائیل دونوں میں خوشیاں منائی گئیں۔ ہم نے کہا کھلی سماعت کرائیں پتا چل جائے گا مداخلت ہوئی یا نہیں۔ اپنے حقوق کے لئے باہر نکلیں۔ زندہ قوم کی طرح حقوق کیلئے لڑیں۔ انہوں نے کہا ہمارے ملک میں طاقتور کیلئے الگ اور کمزور کیلئے الگ قانون ہے۔ مشرف نے ان لوگوں کو این آر او دیا جو ایک بڑی غلطی تھی۔ ساڑھے 3 سال میں وہ کچھ سیکھا جو زندگی میں نہیں سیکھا۔ جب بھی کوئی فیصلہ کرتا ہوں واپسی کا نہیں سوچتا۔ پنجاب میں ن لیگ کے شہزادہ اور شہزادی کے ساتھ بیٹھ کر حلقہ بندیاں کی گئیں۔ میں سمجھ چکا ہوں کہ دوبارہ موقع ملا تو کیا کرنا ہو گا‘ مجھے کیا کیا بڑی اصلاحات کرنا ہوں گی۔ لیڈرشپ اب جو بن رہی ہے وہ انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن سے آئی ہے۔ یہ لوگ مجھ سے مانگ ہی این آر او رہے تھے جو میں انہیں کسی صورت نہیں دوں گا۔ ان کے کیسز سے جڑے تمام لوگ آہستہ آہستہ ہارٹ اٹیک سے انتقال کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں چلا گیا تو مطلب ان چوروں کو تسلیم کر لیا۔ چیف الیکشن کمشنر پر ہمیں اعتماد نہیں۔ وہاں سے کالیں آ رہی ہیں جس کا نمبر نہیں ہوتا۔ ہمارے سوشل میڈیا والوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پی کے ہائوس میں تحریک انصاف راولپنڈی کینٹ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کال دینے والا ہوں جس میں ہمارا نعرہ ہوگا امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے۔ اس سے پہلے آپ نے گھر گھر جانا ہے۔ آپ نے اپنے علاقوں میں سیاست نہیں تبلیغ کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکاء پر بدترین تشدد کرکے یہاں نوکریاں بچائی گئیں۔ عمران خان نے کہا کہ آپ کا حلف کہتا ہے کہ آپ نے صرف قانون کی تابعداری کرنی ہے۔ امر بالمعروف کے مطابق اللہ نے آپ کو کہیں نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی۔ میرے خلاف یہ گندے گندے لوگ غلط باتیں کرتے ہیں۔ یہ ڈرتے ہیں کہ کوئی مار نہ دے۔ یہ گھٹیا سا وزیر داخلہ ہے جس نے 22 قتل کئے ہیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ تحریک حقیقی آزادی ان چوروں کے خلاف ہے۔ پٹرول ڈیزل یہ اور بڑھائیں گے۔ سٹاک ایکسچینج سے 700 ارب غائب ہوگیا۔ ہم تو ریکارڈ گروتھ ریٹ پر معیشت چھوڑ کر گئے تھے۔ ریکارڈ چار فصلیں چھوڑ کر گئے تھے۔ کیا قیامت آئی کہ چوروں کو سازش سے حکومت دی۔ آج موڈیز کے پاس ہماری ریٹنگ گری ہے۔ اس صورتحال میں یہ حالات سری لنکا کی طرف لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم معیشت ٹھیک کریں گے۔ شہباز شریف کا کہا گیا کہ صبح سات بجے اٹھتا ہے لیکن اب پتہ چلا کہ ان کی ساری ترقی اشتہاروں میں تھی۔ صرف اپنی اربوں روپے کی کرپشن ختم کرا رہے ہیں۔ صحافیوں کو آج دھمکیاں دی جا رہی ہیں عمران کی خبر نہ دو۔ میرے خلاف 9 ایف آئی آرز کاٹی ہیں۔ اینٹی کرپشن والے نے تو خودکشی کر لی۔ اس سے یہ سبق دیا جا رہا ہے کہ کوئی ان کی کرپشن نہ روکے۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں ابھی مزید مہنگائی آنے والی ہے، 30 سال تک ملک کو لوٹنے والوں کو امریکی سازش کے تحت ہم پر مسلط کیا گیا، 2 ماہ میں انہوں نے ملک کا کیا حال کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 70 سال میں کبھی قوم کو ایسے متحد نہیں دیکھا جیسے ان کے خلاف ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار کال دوں تو تیاری سے نکلنا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومت کہیں دکھائی نہیں دیتی، ہر طرف مجرم مافیا دندناتا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا کرپٹ بیٹا ڈھونگ انتخاب سے پنجاب میں اقتدار پر قابض ہوا، پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ مکمل سیاسی انتشار کی زد میں ہے، لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے یونٹ کی قیمت مزید بڑھنی ہے، ہمیں صاف و شفاف الیکشن چاہئیں، الیکشن کمشن شفاف الیکشن نہیں کراسکتا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے راستے پر نکل گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے حالیہ شاندار کارکردگی پر شاہین آفریدی کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔
عمران
سازش : کوئی رائے دے سکتا ہے فیصلہ نہیں سپریم کورٹ جودیشل کمیشن بنائے عمران
Jun 16, 2022