جاپان سوئٹزر لینڈ نے قرض واپسی معطل کردی عالمی بنک ہائوسنگ پروجیکٹ کیلئے ساڑھے 8کروڑ ڈالر دے گا

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عالمی بینک ہاؤسنگ فنانس پراجیکٹ کے لیے پاکستان کو ساڑھے 8 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جس کے لیے پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کے ساتھ ساڑھے آٹھ ارب ڈالر کے ’’پاکستان ہاؤسنگ فنانس پروجیکٹ‘‘ کے معاہدہ پر دستخط کی تقریب گذشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق عالمی بینک کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن میاں اسد حیاء  الدین نے دستخط کیے جبکہ عالمی بینک کی جانب سے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک مسٹر گیلیس جے ڈراوجلس نے فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی (پی ایم آر سی ) کے نمائندے نے پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کیے۔ جاپان اور سوئٹزرلینڈ نے پاکستان کے ذمے 19 کروڑ 74  لاکھ ڈالرز سے زائد قرض کی واپسی معطل کردی۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے جی 20 کے تحت قرضوں کی معطلی کے معاہدے پردستخط کردیئے  ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 191.60 ملین ڈالرز جنوری سے جون 2021 کی مدت کے دوران جاپان انٹرنیشنل کوپریشن ایجنسی (جائیکا) کو واجب الادا تھے جبکہ جولائی سے دسمبر 2021 کے دوران سوئس حکومت کو 5.89 ملین ڈالرواجب الادا تھے۔ اعلامیے کے مطابق رقم اب ایک سال رعایتی مدت کے ساتھ 6 سال میں نیم سالانہ قسطوں میں ادا کی جائے گی۔
عالمی بنک 

ای پیپر دی نیشن