اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے ایک بار پھر مبینہ امریکی سازش کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مراسلہ سب نے پڑھا پاکستان کو دھمکی دی گئی تھی۔ اسد عمر نے ان خیالات کا اظہار شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میںکیا۔ اسد عمر نے کہا کہ کہا گیا تھا اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کیلئے مشکل ہوگا۔ اگر عمران خان کو نکالا گیا تو سب معاف کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کا اب بھی یہ مطالبہ ہے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ بتایا جائے کہ سازش اگر تھی تو کون لوگ ملوث تھے۔ عمران خان بطور چیئرمین تحریک انصاف سپریم کورٹ کو دوبارہ خط لکھیں گے کہ معاملے کی تحقیقات کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر پاکستان ملک کے سپریم کمانڈر ہیں، انہوں نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر کہا کہ اس مراسلے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔