اسلام آباد (وقائع نگار) کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ اسلام آباد شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام کررہی ہے تاکہ شہریوں کو پانی کی کمی کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سلسلے شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے گرمی میں پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر سملی ڈیم سے یومیہ چار ملین گیلن اضافی پانی حاصل کیا جارہا ہے جبکہ موسم گرما کی آمد پر بیس ملین گیلن پانی حاصل کیا جارہا تھا۔ اسی طرح ہر سیکٹر میں پانی کی سپلائی کا دورانیہ بھی تیس مِنٹ تک بڑھا دیا گیا ہے۔ تاکہ شہریوں کو موسم گرما میں پانی کی کمی کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جبکہ مون سون بارشوں کے بعد پانی کے ذخائر میں اضافے ہوتے ہی پانی کی سپلائی میں مزید اضافہ بھی کردیا جائے گامزید برآں خانپور ڈیم سے بھی یومیہ ڈیڑھ ملین گیلن اضافی پانی حاصل کیا جارہا ہے جبکہ موسم گرما کی آمد پر خانپور ڈیم سے تقریباً ساڑھے آٹھ ملین گلین پانی حاصل کیا جارہا تھا تاہم گرم اور خشک موسم کے باعث پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ واٹر سپلائی نے خانپور ڈیم سے ڈیڑھ ملین اضافی پانی سسٹم میں شامل کرلیا ہے۔علاوہ ازیں گرم اور خشک موسم کے باعث شعبہ واٹر سپلائی نے واٹر ٹینکرز کو بھی چوبیس گھنٹے سٹینڈ بائی پر کردیا ہے۔ جس کے لئے مختلف اوقات میں متعلقہ عملے میں ڈیوٹیاں بھی تقسیم کردی گئیں ہیں تاکہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔اسی طرح نئے ڈیولپ ہونے والے سیکٹرز میں بھی واٹر سپلائی ونگ کی جانب سے فری واٹر ٹینکر سروس کا آغاز کردیا گیا ہے جسکے لئے ہیلپ لائن نمبر کا بھی اجراء کردیا گیا ہے۔
سملی،خانپور ڈیم سے روزانہ اضافی پانی حاصل کیا جارہا ہے، سی ڈی اے
Jun 16, 2022