کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما لیبر ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید منور رضا نے کہا کہ بدحال معیشت پی ڈی ایم حکومت کو ورثے میں ملی یہ وہ تحفہ ہے جس کا خمیازہ قوم آج بھگت رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ منور رضا نے کہا کہ شہباز شریف نے وزیراعظم کا عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا حکومت کے مشکل فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں ہیں۔ قوم مایوس نہ ہو انشاء اللہ قوم کو آئندہ چند ماہ میں اچھی خوشخبریاں ملنا شروع ہوجائنگی۔ ملک کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات میں مزید اضافے کو عمران حکومت کے آئی ایم ایف کے معاہدوں کا شاخسانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اصافہ کڑوا گھونٹ پی کر کیا ہے۔منور رضا نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے قوم متحد ہوکر حکومت کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)عوامی جماعت ہے جو کبھی عوام کو دکھ اور تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی مسلم لیگ (ن)نے ماضی میں بھی ملک کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کیا آئندہ بھی ایسا کرکے وطن عزیز کو ایشین ٹائیگر بنائے گی۔
بد حال معشیت پی ڈی ایم حکومت کو ورثے میں ملی ، منور رضا
Jun 16, 2022