مہنگائی سے مایوس نہ ہوں، اللہ کی رحمت پرنظر رکھیں، محمد اطہر عطاری


کراچی (نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد اطہر عطاری نے کہا ہے کہ اہلخانہ کی کفالت، والدین کی خدمت ، رشتہ داروں اور پڑوسیوں سے حسن سلوک کرنے کے مقصد کے تحت کمانے کیلئے نکلنے والا اللہ کی راہ میں ہے جبکہ دکھاوے اور فخر کیلئے نکلنے والا شیطان کی راہ میں ہے ، یا درکھیں اپنے والدین کی خدمت کیلئے ،بیوی بچوں کی کفالت اور اپنے آپ کو مانگنے سے بچانے کیلئے ،محتاجی سے بچانے کیلئے محنت کرنا یہ اللہ کی رہ میں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کرتے ہوئے کیا۔ رکن شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری نے کہا کہ حالات توبدلتے جارہے ہیں ،ایسے میں مایوسیوں کو قریب آنے دینے کی بجائے اپنی محنت میں اضافہ کرنا ہے ،اداسیوںکو قریب آنے دینے کی بجائے اپنی حکمت کے ساتھ حوصلہ کے ساتھ حلال روزی کے حصول کیلئے ہمت ومحنت سے کام لینا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے اس کے جو بھی اسباب ہو مگر ہمیں اس مہنگائی کی وجہ سے اپنے اوپر مایوسی طاری نہیں کرنا چاہئے ،ہمت کا مظاہرہ کریں ،نہ خود اداس ہوں اور نہ ہی اپنی وجہ سے کسی کو اداس کریں ،حوصلہ کا مظاہرہ کریں اور اپنے گھر والوں کی بھی حوصلہ افزائی کریں ،جب بھی مشکل آئے تو ہمیں امید کی طرف دیکھنا چاہئے ،حوصلے کی طرف دیکھنا چاہئے ،ہمیں اللہ کی رحمت پر نظر رکھنا چاہئے ۔ حاجی محمد اطہر عطاری نے کہا کہ دنیا میں ایسے لوگ بھی ہیں جو مشکل آنے پر ہمت ہاردیتے ہیں ،ان کے چہروں کی مسکراہٹ چھن جاتی ہے ،پہلے جو کام کررہے ہوتے ہیں وہ بھی چھوڑ دیتے ہیں ۔کچھ لوگ معمولی باتوں کی بنا پر نوکری سے چھٹی کرلیتے ہیں ،لوگ مشکل آنے پر محنت مشقت کو ترک کردیتے ہیں ،مشکل کا سامنا کرنے کی بجائے ہمت ہار جاتے ہیں ،ایک تعداد ایسی بھی ہے جو کام میں دل نہ لگنے کی شکایت کرتی ہے،کام میں دل لگے یا نہ لگے کام تو کرنا ہے ،یادرکھیں اس دنیا میں جتنے زیادہ اسباب اختیار کریں گے اتنی ہی اللہ کی رحمت سے آسانی ہوگی ۔

ای پیپر دی نیشن