16 جون پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری جنرل سابق وزیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے والد محترم سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کا یوم وفات ہے ۔ موسم کی شدت کے پیش نظر اس بار مرکزی قیادت سمیت بیرون ضلع سے مہمانوں کو مدعو نہیں کیا گیا۔ ایصال ثواب کیلیے دن دس بجے قرآن خوانی ، جس کے بعد 12 بجے دعا کا اہتمام ہے جس میں مقامی حفاظ اکرام اور قْراء حضرات شریک ہونگے۔راجہ ممتاز حسین راٹھور ایک عہد ساز شخصیت کے حامل سیاست دان تھے، وہ وزارت عظمی کے منصب جلیلہ پر فائز رہے ۔ ان کا تعلق ریاست پونچھ کے جاگیر دار راجپوت راٹھور خاندان سے تھا اور ریاست پونچھ کا پرانا نام رستم نگر تھا جو راٹھور صاحب کے پردادا راجا رستم خان راٹھور کے نام سے منسوب تھا ۔ ممتاز راٹھور جون 1943 میں برنگ بن حویلی آزاد کشمیر میں پیدا ہوئے۔ اپنی ابتدائی تعلیم پرائمری اسکول پلنگی دھڑہ راجگان سے حاصل کی۔ آٹھ یا نو سال کی عمر میں جب راٹھور صاحب دوسری جماعت میں زیر تعلیم تھے تو شفقت پدری سے محروم ہو گئے۔ اپنی ابتدائی پرائمری تعلیم پلنگی سے حاصل کرنے کے بعد میٹرک کا امتحان عباس پور سے پاس کیا اور ایف اے کا امتحان گارڈن کالج راولپنڈی سے پاس کرنے کے بعد میرپور ڈگری کالج میں گریجویشن کے لیے داخلہ لے لیا جہاں سے انھوں نے اپنی سٹوڈنٹ سیاست کا آغاز کیا۔گریجویشن کرنے کے بعد ایل۔ ایل۔ بی کی ڈگر ی حاصل کرنے کے لیے کر اچی چلے گئے جہاں
انھوں نے سندھ مسلم لا کالج سے ایل۔ ایل۔ بی کا متحان پاس کیا اور واپس آزاد کشمیر آ کر عباس پور میں وکالت کے پیشے سے منسلک ہو گئے ۔ عملی طور پر سیاست کا آغاز 1970 کے انتخابات میں حصہ لے کر کیا اور بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کر کے رکن اسمبلی بنے۔ اس وقت چونکہ آزادکشمیر میں صدارتی نظام حکومت تھا اور سردار عبد القیوم خان صدر تھے بعد ازاں انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیا کر لی ۔1975 کے انتخابات میں اپر حویلی اور لوئر حویلی ایک ہی حلقہ تھا جو کیلر خورشید آباد سے شروع ہو کر تتہ پانی تک پھیلا ہوا تھا جس میں موجودہ ضلع حویلی اور عباسپور کا پورا حلقہ شامل تھا۔ ممتاز راٹھور نے 1975 کے پارلیمانی انتخابات میں پورے آزادکشمیر کے حلقوں کی نسبت سب سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور پیپلز پارٹی کی حکومت میں بطور سنیئر وزیر بن کر ایک عوامی اور انقلابی ،سیاست دان جذبہ خدمت خلق اور حب الوطنی سے سرشار لیڈر کے طور پر اپنے آپ کو فخر کشمیر اور دلوں کا حکمران کے طور پر منوایا, ممتاز حسین راٹھور کے 1990 میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وزارت عظمی کے عہدے پر فائز رہے، ان کے ہردلعزیز ہونے کی بہترین مثال ان کا بیک وقت حویلی اور مظفرآباد سٹی سے الیکشن جیتنا تھا ۔ ممتاز راٹھور 16 جون 1999 محمود گلی ریسٹ ہاؤس میں وفات پا گئے ، سیاست میں ایسا خلا پیدا کر گے جو طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی پورا نہیں ہو سکا ۔اللہ تعالی راٹھور صاحب کو جنت الفردوس میں اعلی و ارفع مقام عطا فرمائے ۔