ملتان(توقیر بخاری سے)پولیو مہم پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود گذشتہ 26 سال میں ملک بھر سے 4078 پولیو کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔پاکستان کو پولیو سے پاک بنانا خواب بن چکا ہے۔پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز پر فائرنگ اور شہادتوں کے باوجود عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کردینے والے مرض کا خاتمہ نہیں کیا جاسکا ہے جو پولیو مہم میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ 26 سال کے دوران سب سے زیادہ پولیو کیس1997 میں سامنے آئے جن کی تعداد 1159 تھی۔تعداد کے لحاظ دوسرے نمبر پر 1999 میں 562 پولیو کیس،تیسرے نمبر پر 1998 میں 347 پولیو کیس سامنے آئے۔2021 میں پاکستان کو پولیو فری ہونے کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کی امید دکھائی دینے لگی جب سب سے کم پولیو کیس اس سال رپورٹ ہوئے۔جن کی تعداد صرف ایک تھی مگر رواں سال پولیو کا مرض ختم ہونے کی بجائے دوبارہ سر اٹھانے لگا۔2022 میں اب تک 10 پولیو کیس سامنے آچکے ہیں۔