لاس اینجلس(شِنہوا)لاس اینجلس کانٹی کے شہر ایل مونٹی میں ممکنہ طور پر چاقو حملے کی تحقیقات کے دوران 2پولیس اہلکاروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے اور مشتبہ شخص کی جائے وقوعہ پرہی موت ہو گئی ہے۔ایل مونٹی کے عبوری پولیس چیف بین لوری نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق منگل کی شام تقریبا 4 بجکر 45منٹ (بدھ کی صبح 4 بجکر 45 منٹ پاکستانی وقت) پر لاس اینجلس کے مشرقی شہر ایل مونٹی کے سیسٹا سرائے میں پہنچتے ہی محکمہ پولیس ایل مونٹی کے 2 اہلکاروں پر فائرنگ کر دی گئی۔مرنیوالے اہلکاروں میں ایک 22 سالہ تجربہ کار اہلکار اور ایک ناتجربہ کاراہلکار شامل ہیں، ناتجربہ کاراہلکار کو محکمہ میں آئے صرف ایک سال ہوا تھا ، دونوں اہلکاروں کی شناخت ظاہرنہیں کی گئی ہے۔ لاس اینجلس کانٹی شیرف کے محکمہ ہومی سائیڈ بیورو کے مطابق اہلکاروں نے مشتبہ شخص کا سامنا کیا اور سرائے کے کمرے کے اندر اور سرائے کی پارکنگ لاٹ میں 2 جگہوں پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔یہ ہلاکتیں لاس اینجلس کے اسٹوڈیو سٹی ایریا میں ٹریفک اسٹاپ کے دوران کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول کے ایک افسر کو گولی مار کر شدید زخمی کرنے کے ایک دن بعد ہوئی ہیں۔