پابندیوں کی فہرست میں صحافی‘ دفاعی صنعت کے منتظمین اور فوجی شامل‘ ان کا روس میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا 


ماسکو+ دی ہیگ+ کیف (اے پی پی+ آئی این پی) روس نے صحافیوں، دفاعی صنعت کے منتظمین اور فوجیوں پر مشتمل 49  برطانوی شہریوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ تاس کے مطابق پابندیوں کی فہرست میں شامل افراد  پر روسی فیڈریشن  میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ بیان میں مذکورہ افراد کے نام بھی ظاہر کئے گئے ہیں۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل  نے کہا ہے کہ مغربی ممالک  یوکرینی  مشرقی علاقے میں روسی پیش رفت کو روکنے کے لیے  یوکرائن کو مزید بھاری ہتھیار فراہم کریں۔ جیمز سٹولٹنبرگ  نے گزشتہ روز نیدرلینڈز کے شہر دا ہیگ میں 7یورپین نیٹو اتحادی ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ روس کے خلاف یوکرین کے دفاع کو  مضبوط بنانے کے لیے اسے مزید بھاری ہتھیار فراہم کیے جانے چاہئیں۔ یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ مشرقی خطے میں جاری لڑائی آنے والے ہفتوں میں جنگ کا رخ طے کرے گی۔ جبکہ دوسری جانب روسی فوج نے شہر سیویرو ڈونٹسک کے 80 فیصد حصے پر قبضہ کر لیا ہے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ویڈیو بیان میں قوم سے خطاب کے دوران یوکرینی صدرکا کہنا تھا کہ وہ روس کے تباہ کن حملوں کے سامنے ڈٹے رہیں۔گورنر لوہانسک کے مطابق مسلسل گولہ باری کے باعث علاقے کا رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ اب بھی 500 سے زائد شہری ازوٹ کیمیکل پلانٹ میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف روس نے ازوٹ پلانٹ میں موجود یوکرینی جنگجوؤں کو آج تک ہتھیار ڈالنے کی آخری ڈیڈلائن دے دی۔ میجر جنرل ایگور کوناشنکوف  نے کہا  کہ ازوٹ پلانٹ میں موجود شہریوں کے انخلا کے لئے آج راہداری کھول دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن