ملتان (نمائندہ خصوصی ) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، شیخ جاوید اختر، مرزا نعیم بیگ، خواجہ رضوان صدیقی ، اکمل خان بلوچ،ملک عمران قیوم بھٹہ، شیخ محمد شفیق،نے کہا ہے کہ بلند بانگ دعوے کرنے والے اتحادی حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے بائیس کروڑ غریب قوم 12,12گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لاکھوں چھوٹے دکانداروں کی دکانوں پر ہو کا عالم ہے دو دو گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ٹرپنگ اور فنی خرابی کی آڑ میں کئی کئی گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے تجارتی و کاروباری زندگی متاثر ہو چکی ہے اوردکانوں سمیت گھروں میں عوام شدید گرمی کی وجہ سے بے حال ہیں خاص طور پر گھروں میں بزرگ، معصوم بچے اور مریض شدید پریشانی سے دوچار ہیں ڈالر کی قیمت 208تک پہنچ گئی لیکن ایوانوں میں بیٹھا مقتدر طبقہ کو غریب قوم کی کوئی فکر نہیں ہے جو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تباہ حالی کی حالت میں گزر اوقات کر رہی ہے انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ بجلی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ کے خلاف باہر نکلیں خواجہ سلیمان صدیقی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی عوام کش پالیسیوں کی وجہ سے سفید پوش طبقہ کے لئے بھی جینا محال ہو چکا ہے مارکیٹس، بازاروں، کارخانوں، فیکٹریوں میں ترقی کا چلتا پہیہ جام ہونے کی وجہ سے مزدور پیشہ طبقہ کے گھروں میں فاقوں کی نوبت پہنچ چکی ہے لیکن ایسے محسوس ہوتا ہے کہ ایوانوں میں بیٹھی تمام اتحادی جماعتوں کو کسی کی کوئی پرواہ نہیں ہے ہر کوئی اپنا اپنا حصہ وصول کر رہا ہے لیکن غریب عوام کے حصے کی کوئی پرواہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور کسی بھی وقت وہ لاوا ابھر کر سامنے آسکتا ہے اسی لئے اب بھی وقت ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور غریب عوام کی بھلائی سوچیں کہیں ایسا نہ ہوکہ عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں اور انہیں سنبھالنا مشکل ہو جائے۔
غریب کا سوچیں ایسا نہ ہو انہیں سنبھالنا مشکل ہو جائے : تاجران
Jun 16, 2022