روڈ ٹو مکہ منصوبے کو ملک کے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی.وزیراعظم

Jun 16, 2022 | 19:16

ویب ڈیسک

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عازمین حج کی سہولت کیلئے مستقبل میں روڈ ٹو مکہ اقدام کو پاکستان کے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی ۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی قیادت میں روڈ ٹو مکہ منصوبے کی ٹیم سے ملاقات میں کہی ۔وزیراعظم نے کہاکہ اس اقدام کے تحت ہزاروں پاکستانی عازمین حج کو سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر باہمی مفاد کے تمام امور کی مشترکہ مفاہمت پرمبنی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی قیادت اور عوا م کے دلوں میں خادم حرمین شریفین کیلئے بے پناہ عقیدت اوراحترام ہے اورشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو نیک خواہشات کاپیغام دیا ۔انہوں نے پاکستان کیلئے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور تعاون کا ذخر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں نے ہرطرح کے نشیب وفراز میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔سعودی سفیر نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان خصوصاً تجارت، ترقی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستکم کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔

مزیدخبریں