گوجرانوالہ: پولیس نے ضابطہ فوجداری کے ملز موں کیخلاف چالان جمع نہ کروانا وطیرہ بنالیا

Jun 16, 2023

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ضابطہ فوجداری کی مقررہ مدت میں ملزمان کیخلاف چالان جمع نہ کروانا پولیس نے وطیرہ بنا لیا ، سینئر سول جج کریمینل ڈویژن نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے ٹی ایس آئی کیخلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کروا دیا تفصیل کے مطابق سینئر سول جج کریمینل ڈویژن محمد مسرور عاشق نے تھانہ باغبانپورہ کے منشیات فروشی کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کو ساڑھے تین ماہ قبل 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا اور تفتیشی آفیسر ٹی ایس آئی علی حسنین کو ملزم کیخلاف مقدمہ کا چالان عدالت بھجوانے کا حکم دیا ،عدالت کے متعدد بار طلب کرنے کے باوجود ٹی ایس آئی نے ملزم کیخلاف چالان عدالت نہ بھجوایا ، جس پر سینئر سول جج کریمینل ڈویژن محمد مسرور عاشق نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سول لائن کو ٹی ایس آئی علی حسنین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ،سول لائن پولیس کے مطابق عدالتی حکم پر انسپکٹر غلام رسول کی مدعیت میں زیر دفعہ 155کے تحت تفتیشی آفیسر علی حسنین کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

مزیدخبریں