لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کرکٹر ناہیدہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا،ناہیدہ خان کا بین الاقوامی کیریئر 14سال پر محیط رہا، انہوں نے7فروری 2009 کو سری لنکا کیخلاف بوگرہ بنگلہ دیش میں اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا،ناہیدہ خان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی واحد خاتون کرکٹر ہیں جن کا تعلق بلوچستان سے ہے، انہوں نے 120انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2014رنز بنائے اور ایک وکٹ حاصل کی،انہیں ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سب سے زیادہ کیچز کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، انہوں نے 2018میں سری لنکا کیخلاف دمبولا میں چار کیچ لئے تھے۔ ناہیدہ خان نے 50اوورز کے تین عالمی کپ مقابلوں 2017، 2013، 2022اور چار ٹی 20ورلڈ کپ 2012، 2014، 2016اور 2018میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ناہیدہ خان نے کرکٹ سے اپنی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے کوچنگ کا شعبہ اختیار کیا اور حال ہی میں انہوں نے پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلاسٹرز کی اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائی، اس سے قبل انہوں نے مارچ میں ہونے والی ویمنز لیگ میں ایمازون ٹیم کے ہیڈ کوچ توفیق عمر کی اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی کام کیا تھا، ان نمائشی میچوں میں ایمازون دو ایک سے فاتح رہی تھی۔