اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے روس سے خام تیل کی خریداری مذاکرات کے بعد عمل میں لائی گئی ، یہ پاکستانی معیشت کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ یہاں توانائی کے مسائل ہیں، پاکستان کا حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق عالمی منڈی سے خام تیل کی خریداری کے فیصلے کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ سائیکلون کے حوالے سے بھارتی حکام سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ تشویشناک ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان نے یوٹیوبر عادل راجہ کی برطانیہ میں گرفتاری اور رہائی سے متعلق سوال پر تبصرے سے گریز کیا اور کہا ان کے پاس اس کیس کی تفصیل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران باہمی سیاسی مشاورت کا بارہواں دور 17 اور ہفتہ 18 جون کو تہران میں شروع ہو گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین سیاسی، اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، سرحدی سلامتی، تعلیم، ثقافت اور موسمیاتی تبدیلی سمیت پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لیں گے۔ وزیر مملکت امور خارجہ یورپ کے دورے پر ہیں، ایجنڈے میں جی ایس پی پلس پر بات چیت شامل ہے۔