لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز یوتھ کوآرڈینیٹر پنجاب عاشق حسین کرمانی کی رہائش پر گئیں۔ مریم نواز نے عاشق حسین کرمانی سے ان کے برادر نسبتی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوان کی۔ مریم نواز نے اس موقع پر پارٹی قائد نواز شریف کی عاشق حسین کرمانی سے فون پر بات بھی کرائی۔ نواز شریف نے بھی عاشق حسین کرمانی اور اہلخانہ سے اظہار افسوس کیا۔ عاشق حسین کرمانی نے تعزیت کیلئے آمد پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگ ن نے پنجاب اقلیتی ونگ کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ چیف آرگنائزر مریم نواز نے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ سابق ایم پی اے راحیلہ خادم پنجاب کمیٹی کی کوآرڈینیٹر مقرر کر دی گئیں۔ کمیٹی میں رمیش سنگھ‘ کامران بھٹی‘ بابا فیبولس‘ بابو پہلا رام اور روبینہ فیروز شامل ہیں۔ مریم نواز نے تین ہفتوں میں پنجاب اقلیتی ونگ کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔