کراچی،ٹھٹہ،اسلام آباد، نئی دہلی ( نوائے وقت رپورٹ،خبر نگارخصوصی،کامرس رپورٹر) سمندری طوفان بپر جوائے بھارتی گجرات کے ساحل اور پاک، بھارت سرحد کے درمیان ٹکرا گیا، طوفان کے لینڈ فال کا عمل کئی گھنٹوں تک جاری رہے گا۔سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر کیٹی بندر شہر سے شہریوں کا انخلا مکمل کرلیا گیا۔کیٹی بندرمیں موسلادھابارش ، تیز ہواو¿ں سے دکانوں کی چادریں اڑگئیں اور کھمبے گرگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے دوران کیٹی بندر اور اس کے اطراف لہریں 8 سے12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں۔ساحلی علاقوں سے 73 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے لیکن ہدایات کے باوجود بعض افراد اب بھی ساحلی علاقوں میں موجود ہیں اور انہوں نے گھر بار چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔سجاول میں چوہڑ جمالی کے علاقوں میں گزشتہ 2 روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جس کے سبب پینے کے پانی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔جبکہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کی آگے بڑھنے کی رفتار سست ہو گئی ہے ، تاہم اس کی نوعیت اب بھی شدید ہے اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ طوفان اب رات سے پہلے لینڈ فال نہیں کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بارے میں مزید معلومات نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے سمندری طوفان بائپر جوائے سے بچاﺅ کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوائے کے کیٹی بندر اور کچھ علاقوں سے ٹکرانے سے قبل پاک فوج نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو عمل کے تحت 97.4 فیصد آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع بدین، سجاول اور ٹھٹہ میں 44 ریلیف کیمپوں میں 76,925 افراد کو منتقل کیا جا چکا ہے۔ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے دور دراز ساحلی علاقوں میں قدرتی آفت سے بچاو¿ کے لئے بڑے پیمانے پر امدادی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر طوفان سے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا اور کھانے کی اشیاء فراہم کیں۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے سمندری طوفان سے بچا و¿کے لیے الرٹ جاری کردیا، جس کے بعد جہازوں کو مضبوط رسوں اور اسٹیل وائر سے باندھ دیا گیا ہے۔اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات ظہیر بھٹو نے اعلان کیا ہے کہ آج پرچے سمندری طوفان کے باعث ملتوی کردیے گئے۔اس حوالے سے ناظم امتحانات ظہیر بھٹو کا مزید کہنا ہے کہ ان امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔دوسری جانب سمندری طوفان بپرجوائے کے باعث ممکنہ تباہی کے خدشے کے پیش نظر بھارتی گجرات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کے ساحلی علاقوں سے 74 ہزار سے زائد افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کردی گئی ہے۔ بپر جوئے بھارتی گجرات سے ٹکرا گیا۔ریاست گجرات کے کئی علاقوں میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے طوفان کو انتہائی طاقتوراورکیٹیگری تھری کا طوفان قراردیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی 18، اسٹیٹ ڈیزاسٹر فورس کی 12، اسٹیٹ روڈ اینڈ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی 115 اور اسٹیٹ الیکٹرسٹی ڈیپارٹمنٹ کی 397 ٹیموں کو ساحلی علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
بپر جوائے پاکستان، بھارتی سرحدی علاقوں سے ٹکر اگیا ، موسلادھار بارش، تیز ہوائیں ، کھمبے گر گئے
Jun 16, 2023