کراچی +اسلام آباد+لاہور(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) شہر قائد کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا، جس میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں جبکہ ڈپٹی میئر کا تاج بھی پیپلزپارٹی کے سلمان عبداللہ مراد کے سر سج گیا ہے۔میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کے درمیان مقابلہ ہوا، شو ا?ف ہینڈز کے ذریعے ووٹنگ کی گئی۔غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لیکر میئر کراچی منتخب ہوئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم نے 161 ووٹ حاصل کئے ہیں۔دوسری جانب ڈپٹی میئر کا الیکشن بھی پیپلز پارٹی جیت گئی، سلمان عبداللہ مراد 173 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے ہیں۔آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا تھا، جہاں ووٹنگ کیلئے اراکین کی آمد صبح 9 بجے سے جاری تھی اور مختلف اوقات میں 300 سے زائد ارکان کے پولنگ سٹیشن پہنچنے کے بعد آڈیٹوریم کے دروازے بند کر دیئے گئے۔حافظ نعیم الرحمان نے انتخابی عمل پر سوال اٹھا دیئے، انہوں نے کہا کہ فری فئیر الیکشن کیسے ہوگا جب 30 منتخب بندے کہیں نہیں ہیں، ایسی اطلاع ہے کہ انہیں لاپتہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان غائب اراکین پر تشدد کی بھی اطلاعات ہیں، یہ الیکشن کمشنر کی ذمہ داری تھی کہ آپ سب کو یہاں حاضر کرواتے۔کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر الیکشن کے موقع پر 33 اراکین غیر حاضر رہے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع اور انٹری رجسٹر کے مطابق کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے سلسلے میں 366 میں سے 333 اراکین پولنگ سٹیشن آرٹس کونسل پہنچے ہیں، جبکہ 33 اراکین غیر حاضر رہے۔ہتھکڑیوں میں جکڑے پی ٹی آئی نمائندے ووٹ دینے پہنچ گئے، پی ٹی آئی کے فردوس شمیم سمیت تین ارکان کو بکتر بند میں لایا گیا۔تحریک انصاف نے حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا اعلان کیا تاہم ان کے منتخب نمائندوں پر مخالف امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے دباو¿ ڈالنے کے الزامات لگائے گئے۔پی ٹیآئی امیدواروں سے ووٹ دینے کیلئے دباو¿ سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔سندھ کی 22 میں سے 20 ضلع کونسلز میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔سندھ کی 36 میں سے 30 میونسپل کمیٹیز میں پیپلز پارٹی، ایک میونسپل کمیٹی میں جی ڈی اے کا چیئرمین منتخب ہوا ہے، جبکہ 141 ٹاﺅن کمیٹیز میں سے 121 میں پیپلز پارٹی، 5 میں جی ڈی اے، ایک میں آزاد اور ایک میں تحریکِ انصاف کا چیئرمین منتخب ہوا ہے۔سندھ کی 44 ٹاﺅن میونسپل کارپوریشنز میں سے 27 میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین، 6 میں جماعت اسلامی کے چیئرمین جبکہ 3 میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین کامیاب ہوئے ہیں۔میئر کراچی کے انتخاب کے موقع پر آرٹس کونسل کے باہر پیپلز پارٹی اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔پیپلز پارٹی اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان نے ایک دوسرے پر شدید پتھراو¿ بھی کیا اور نعرے بازی بھی کی، حالات کنٹرول کرنے کیلئے پولیس اور رینجرز نے پیش رفت کی اور پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔اس موقع پر آرٹس کونسل کے باہر کھڑی متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔پتھراو¿ کے بعد آرٹس کونسل کے باہر دونوں جماعتوں کے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے، جبکہ کئی نیوز چینلز سے تعلق رکھنے والے صحافی بھی زخمی ہوئے۔اس سے قبل بھی آج صبح جماعتِ اسلامی کراچی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے بازی کی، دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی سے صورتِ حال کشیدہ ہوئی۔اس موقع پر وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے دونوں جماعتوں کے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔میئرکراچی بننے میں ناکام امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔جماعت اسلامی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں مو¿قف اپنایا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 29 ارکان کو اغوا کیا، پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا گیا۔خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا بنیادی مقصد صاف و شفاف الیکشن کرانا ہے لیکن ہمیشہ کی طرح اس بار بھی کمیشن خاموش تماشائی بنا رہا ، الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے فراڈ الیکشن کو کالعدم قرار دے کر نیا شیڈول جاری کرے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو کراچی کا میئر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان کے مطابق آصف علی زرداری نے سندھ کے تمام میئرز، ڈپٹی میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاو¿ن کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو بھی مبارک باد دی ہے۔اپنے بیان میں سابق صدر کا کہنا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کامیابی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔آصف زرداری نے سندھ کے تمام میئرز، ڈپٹی میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور ٹاﺅن کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو ہدایت کی ہے کہ اپنے دفتروں کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں، آج ہی سے اپنا کام شروع کر دیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی اور سلمان عبداللہ مراد کو ڈپٹی میئر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کراچی کے جیالوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے، ملک کے معاشی حب میں نفرت اور تقسیم کی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچی، جمہوریت بہترین انتقام ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہرِ قائد کو حقیقی معنوں میں عروس البلاد بنائیں گے، کراچی اب ترقی، امن اور بھائے چارے کا گہوارہ بنے گا، کراچی کی ہر گلی، محلے اور علاقے کے بلدیاتی مسائل بلاامتیاز حل کریں گے۔