مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی پامالیاں، بھارتی ہائی کمشن کے باہر احتجاج

Jun 16, 2023

اسلام آباد(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموںو کشمیر میں کشمیری حریت پسندوں کی  قید اور انسانی حقو ق کی پامالیوں کے خلاف اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا  ہے۔مظاہرین نے بھارتی جیلوں میں قید  حریت رہنمائوں ، کارکنوں ،کشمیری نوجوانوں، انسانی حقوق کے کارکنوںاور صحافیوں کی تصاویر اٹھا کر احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط اور کشمیریوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے "رہا کرو رہا کرو آزادی پسند راہنمائوں کو رہا کرو  رہا کرو رہا کرو حریت قائدین کو رہا کرو ، رہا کرو رہا کرو کشمیری قیدیوں کو رہا کرو جیسے فلک شگاف نعرے لگا ئے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے انکی غیر قانونی نظربندی کو طول دے رہی ہے جو کہ انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی حکومت اپنے مذموم سیاسی مقاصد اور کشمیر اور مسلمان دشمنی کیلئے متعصب عدلیہ اوربدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی کو کو کشمیری آزادی پسند قیادت کیخلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ این آئی اے نے غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنما محمد یاسین ملک کو یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس سے کشمیریوں سے بھارتی حکمرانوں کی دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ حریت قائدین اور دیگر کشمیری نظر بندوں کے خلاف بھارتی عدالتی دہشتگردی کا نوٹس لیں۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارتی حکومت اپنے جانبدار عدلیہ کو کشمیری نظربندوںکے خلاف ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہی ہے۔

مزیدخبریں