شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) لاہور روڈ پر نور پور ورکاں کے قریب واپڈا کالونی کے جنگل میں مویشیوں کو چرانے کے تنازعہ پر 2 نوجوانوں کو ڈانگوں اور آہنی سریا سے تشدد کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ چرواہا شدید زخمی ہونے کی وجہ سے میو ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلاء ہے۔ مرنے والے دونوں نوجوانوں کی شناخت بابر حسین اور ساجد احمد کے ناموں سے ہوئی، جو کالونی کے قریبی گاؤں غازی مدکے کے رہائشی ہیں جبکہ شدید زخمی ہونے والوں میں لقمان، اویس اور شرافت علی شامل ہیں۔ گزشتہ روز گاؤں غازی مد کیلئے پانچ افراد اپنی 60 بھینسوں کو چرانے کے لیے وہاں لائے تو مذکورہ خاندان نے بھینسوں کو اپنے ڈیرہ پر لے جا کر بند کر دیا جس کے بعد پانچوں افراد اپنے مویشیوں کو لینے کی خاطر وہاں گئے تو ان کا کار میں تعاقب کر کے انہیں ڈانگوں اور آہنی سریا سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد بارہ گھنٹوں کے بعد بابر حسین اور ساجد احمد یکے بعد دیگرے دم توڑ گئے جن کے ورثاء سمیت درجنوں افراد نے تھانہ ہاؤسنگ کالونی کے باہر مقتول ساجد احمد کی لاش رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ دوہرے قتل میں ملوث خاتون مقصوداں بی بی اس کے 2 بھائیوں محمود احمد اور روشن سمیت تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ تھانہ ہاؤسنگ کالونی پولیس کے ذرائع کے مطابق دونوں مقتولین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کروانے کی خاطر اپنی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور تشدد کے مقدمہ میں قتل کی دفعات کا اضافہ کیا جائے گا۔