لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) چاروں صوبوں سندھ‘ پنجاب‘ بلوچستان اور خیبر پی کے میں پھر گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ جہلم 48 ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین شہر رہا۔ اٹک اور بنوں میں درجہ حرارت 47‘ سرگودھا اور نوکنڈی میں 46‘ ساہیوال‘ سکھر اور نواب شاہ 45‘ فیصل آباد 44‘ ملتان‘ ڈی جی خان 43 ‘ چکوال‘ دادو‘ سبی 42 ‘ ڈی آئی خان 41 ‘ بہاولپور میں درجہ حرارت 40 ڈگری رہا۔ لاہور میں 42 ڈگری کی گرمی 44 ڈگری محسوس ہوئی۔ پشاور میں 39 ڈگری کی 43 ‘ اسلام آباد میں 40 ڈگری 42 اور کراچی میں 36 ڈگری کی 40 محسوس کی گئی۔ علاوہ ازیں ملک کے مختلف علاقوں میں عید کے دوسرے روز سے آندھی اور بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جون کی رات سے 22 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارشوں کا امکان ہے۔ 18 جون کی رات سے 22 جون کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پی کے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادلوں کے برسنے کی توقع کی جارہی ہے۔ ادھر20 سے 22 جون کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی، جھکڑ اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ سندھ میں 21 اور 22 جون کو سکھر، جیکب آباد، کشمور اور لاڑکانہ میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔