سندھ کا ترقیاتی بجٹ باقی صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، مراد علی شاہ  

 کراچی (آئی این پی ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ رواں مالی سال کا بجٹ گزشتہ بجٹ سے 34 فیصد زیادہ ہے، سندھ کا ترقیاتی بجٹ باقی صوبوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے، اگلے سال کے لیے ساڑھے 3 فیصد جی ڈی پی گروتھ کی بات کی جارہی ہے،کوشش ہیکہ جی ڈی پی کیحوالے سے وفاق کے ساتھ تعاون کریں۔کراچی میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بجٹ کا کل حجم 3 ہزار 56 ارب ہے، سندھ حکومت کا بجٹ ہر سال زیادہ ہوتا ہے، ہمیں وفاق سے 1900 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ ہمارا ترقیاتی بجٹ دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں، سندھ کے بجٹ میں سے 31 فیصد ترقیاتی کاموں میں جاتا ہے، وفاقی حکومت نے ہماری اسکیمز ختم کردیں ، وفاق کو سندھ کو بھی پاکستان سمجھ کر ترقیاتی اسکیمز دینی چاہئیں، جب کہ نگراں حکومت نے منتخب حکومت کی ترقیاتی اسکیمز بند کردیں، نگران حکومت کو سندھ کو بھی پاکستان کا حصہ سمجھنا چاہیئے تھا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ مشکل حالات میں بجٹ بنایا ہے،نگران حکومت کے بجٹ میں شامل ترقیاتی اسکمیں بند کرنے سے سست روی ہوئی، مہنگائی کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اس کی وجہ سے تخمینہ بڑھ سکتا ہے، موجودہ بجٹ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ بجٹ میں کوئی نئی اسکیم شامل نہیں کریں گے بلکہ تمام جاری اسکیموں کو اس سال مکمل کریں گے اور اگلے سال ہم گروتھ پر جائیں گے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس سال یہ کام نہیں کریں گے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 3 ہزار 56 ارب روپے میں سے، ایک ہزار 912 روپے کرنٹ ریونیو کے اخراجات کے ہیں، 184 ارب کرنٹ کیپٹل ایکسپینڈیچر کے ہیں (قرض کی واپسی سمیت دیگر مد میں جائیں گے) اگلے مال سال کے لیے ایک ہزار ارب سے زیادہ کی رقم ڈیولپمنٹ پر خرچ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 1900 ارب سے زیادہ کے کرنٹ ریونیو اخراجات میں سے 70 فیصد صرف تنخواہوں کی مد میں جاتا ہے جس میں 38 فیصد موجودہ تنخواہوں، 14 فیصد پنشن اور باقی لوکل گورنمںٹ سمیت دیگر گرانٹس شامل ہیں، نان سیلری کا صرف 21 فیصد خرچہ ہے جس میں آپریٹنگ کے اخراجات، فزیکل اثاثوں کے اخراجات، بلڈنگز کی رپیئر وغیر بھی شامل ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق سے ہمیں 1900 ارب روپے ملنے کی توقع ہے، ٹیکس کی مد میں ہم نے 619 ارب روپے رکھے ہیں، نان ٹیکس ریونیو 43 ارب رکھی گئی ہیں، کرنٹ کیپٹل ریسیٹ باقی ساڑھے 27 ارب کے قریب ہیں، اس طرح 2 ہزار 590 ارب روپے ہمیں مل رہے ہیں، اس کے علاوہ جو گیپ ہے وہ پیسہ فارن اسسٹنٹ پراجیکٹس سے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سال 2024.25 میں 30 ارب روپے پہلے 6 مہینے دینے کا وعدہ کیا ہے ، وزیر اعظم نے جو وعدے کئے وہ تحریری طور پر ہمارے پاس آگئے ہیں، اب پتہ نہیں پیسے آتے ہیں کہ نہیں، البتہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہاہے کہ پیسے آئیں گے۔

ای پیپر دی نیشن