چھٹی کے دن اجلاس، کرایوں میں کمی نہ ہونے پر وزیراعلیٰ برہم، وکلا کیلئے گرانٹ ایک ارب کرنے کا اعلان

Jun 16, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چھٹی والے دِن بھی اجلاس بلا لیا۔ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعظم کی طرف سے پٹرول میں کمی کا بڑا ریلیف کرایوں میں کمی کی صور ت عوام کو پہنچنا چاہیے۔ پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے پر وزیراعلی نے برہمی کا اظہار کیا اور وزارت ٹرانسپورٹ، پولیس کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کے لئے آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے شکایات اور معائنہ کمشن کوبھی فوری اقدامات کی ہدایات کر دیں۔  وزیراعلی نے حکام کو خبردار کر دیا کہ روٹی، کرائے سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر قائم رکھنے کو یقینی بنایا جائے، کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔ عید الاضحی پر آلائشوں کی بروقت صفائی، مویشی منڈیوں میں دھوپ سے بچاؤ کے لئے شیڈز کی فراہمی کی فوری ہدایت کی۔ پہلی بار32 لاکھ خصوصی تھیلے بھی عوام میں تقسیم کرنے کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے مویشی منڈیوں میں ڈاکٹرز کی فراہمی اور پانی سمیت دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہاکہ بڑی عید پر صفائی کا معیار وہی ہونا چاہیے جو وزیراعلی شہباز شریف کے دور میں تھا۔ تعطیلات کے دوران نہروں پر عوام کی جان کی حفاظت کے لئے لائف گارڈز کی تعیناتی اور ٹریفک کا موثر پلان بنانے اور عوام کو ٹریفک جام سے بچانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ٹھوکر نیاز بیگ پر شدید ٹریفک جام کا بھی سخت نوٹس لیا اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے‘ صوبے بھر میں امن وامان یقینی بنانے کے لئے بھی سخت اقدامات کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہاکہ تعطیلات کے دوران بھی تمام صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گی۔ علاوہ ازیں  مریم نواز شریف سے بار کونسلز کی اپیکس باڈیز کے ارکان نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے وکلاء کی فلاح وبہبود کے لئے گرانٹ ایک ارب روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ خاتون وکلا کے لئے بار کونسل میں مخصوص ہال اور ڈے کئیر سنٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ملاقات کے دوران اٹک میں دو وکلاء کے قتل کی اطلاع پر وزیراعلی مریم نواز نے گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا اور بار کونسل کے عہدیداران سے قتل پر تعزیت بھی کی۔ مریم نواز شریف نے بار کونسل ایکٹ اور لائرز پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ملزم کے خلاف خصوصی عدالت میں مقدمہ چلانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ وکلاء برادری کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بار کونسل کے دورے کی دعوت قبول کی اور بہاولپور اور ملتان بار کے صدور کی طرف سے دورے کی دعوت پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بار کونسل کو پانچ کروڑ، بہاولپور اور ملتان ہائیکورٹ بار کے لئے ایک ایک کروڑ گرانٹ کے چیک دئیے۔ وکلاء برادری کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی  نے کہاکہ قانون کی بالادستی کے لئے وکلاء برادری کی جدو جہد قابل تحسین ہے۔ قانون کی حکمرانی اور فرد کی انصاف تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے بھرپور معاونت کریں گے۔ عدالتی نظام کی کارکردگی بڑھانے اور انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے حکومت انتظامی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔ بار وفد سے ملاقات میں صوبائی حکومت اور وکلاء برادری کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بار وفد کو وکلاء کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ با ر عہد یداروں نے بھرپور تعاون اور مالی معاونت پر وزیراعلی مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں منصفانہ اور موثر قانونی نظام کے اجتماعی مقصد کو آگے بڑھانے کی کاوشوں کو سراہا۔

مزیدخبریں