اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں ہم نے اہداف پورے کر لیے تو یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف کا پروگرام ہو گا، ہم ہمسایہ ممالک سے آگے نکلیں گے۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کو حج اور عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو قبول فرمائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں ظلم ڈھایا جا رہا ہے، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، فلسطین میں ہونے والے ظلم کی مثال نہیں ملتی، غزہ میں ہزاروں افراد کو شہید کر دیا گیا ہے۔ دعا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو آزادی ملے۔ مشکل حالات میں حکومت سنبھالی اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا سہرا تمام اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے۔ آج پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کر خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم کی نظریں حکومت پر جمی ہوئی ہیں۔ سفر مشکل ہے، حکومت کے ذمے داران اور اشرافیہ سے قربانی کا تقاضا کرتا ہوں، کل پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی آئی ہے، اس سے مہنگائی سے تنگ عوام کو ریلیف ملے گا۔ ہماری حکومت کے 100 دن مکمل ہو چکے ہیں، پچھلے 4 سال میں ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا، قرضوں پر 22 فیصد انٹرسٹ ریٹ کم ہو کر 20 فیصد پر آگیا ہے۔ پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے، یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔ ماضی میں جھانک کر رونے سے کوئی فائدہ نہیں، اس سے سبق حاصل کرنا چاہئے، ملک میں مہنگائی 38 فیصد سے 12 فیصد پر آگئی ہے۔ اپریل 2022ء میں ہم نے اقتدار سنبھالا، معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے، قوم دیکھ رہی ہے کہ کیسے ہم خوشحالی کا انقلاب لے کر آئیں گے۔ جن وزارتوں کا عوامی خدمت سے تعلق نہیں وہ ختم کریں گے، بنیادی ضروریات کے حصول میں لوگوں کو تکلیف پہنچی۔ چین پاکستان کا بااعتماد دوست ملک ہے، سعودی عرب پاکستان بااعتماد برادر ملک ہے۔ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔ یو اے ای نے 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کیلئے پورا نظام وضع کر لیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ ڈیڑھ ماہ میں معیشت کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے۔ میرا وعدہ ہے کہ ڈیڑھ ماہ میں ٹھوس فیصلوں کے ساتھ آپ کے سامنے آؤں گا، دوست ممالک کی سرمایہ کاری سے مکمل فائدہ حاصل کرنے کیلئے نظام بنا لیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی چین، سعودی عرب اور قطر گئے تھے، جنرل سید عاصم منیر نے دوروں میں سرمایہ کاروں کو وطن عزیز کی جانب راغب کیا۔ نواز شریف نے2017ء میں آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا، اہداف پورے کر لئے تو وعدہ ہے موجودہ آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہو گا، سب مل کر محصولات کی وصولی کی کوشش کریں گے، ہم نے جو اہداف مقرر کئے ہیں ان کیلئے کمر کس لی ہے۔ 3 لاکھ نوجوانوں کو ہر سال چین سے آئی ٹی ٹریننگ دلوائیں گے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔ ایف بی آر کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، ایف بی آر کی 100 فیصد ڈیجیٹلائزیشن کی ذمہ داری عالمی شہرت رکھنے والی کمپنی کو دے دی گئی ہے۔ ایف بی آر میں نالائق لوگوں کو ایک طرف کر دیا ہے۔ پی ڈبلیو ڈی کی وزارت کرپشن میں سرفہرست ہے، ایسے تمام ادارے جو کرپشن کا مرکز بن چکے ہیں ان کو ختم کرنا میرا فرض بن چکا ہے۔ عوامی خدمت کے بجائے قوم پر بوجھ بننے والے اور کرپشن کا گڑھ بننے والے اداروں کے خاتمے کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔ آئندہ ڈیڑھ سے دو ماہ میں ایسے اداروں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کے لیے ساڑھے 10 روپے فی یونٹ بجلی سستی کر دی ہے۔ سستی بجلی سے صنعتوں کے اوپر سے 200 ارب روپے کا بوجھ کم ہو جائے گا۔ اچھے بجٹ کا اثر سٹاک مارکیٹ پر پڑا جس کا انڈیکس انتہائی بلند سطح 76 ہزار سے بھی اوپر گیا۔ مئی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 3 ارب ڈالر ملک میں بھیجے، امیر اور غریب کے درمیان فرق کو ختم کریں گے۔ شاہانہ اخراجات کا خاتمہ میری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے لاکھوں بچے، بچیوں کیلئے تعلیم کے دروازے کھلیں گے۔ ایس آئی ایف سی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، دہشت گرد، بجلی چور، منافع خور، ٹیکس چور اور بدعنوان سرکاری ملازم ملکی ترقی کے دشمن ہیں۔ شہداء اور غازیوں کی توہین کرنے والا ملک کی ترقی و خوشحالی کا دشمن ہے۔
اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی حکومت کی وزارتوں اور اداروں کو الیکٹرانک-آفس (ای۔آفس) پر منتقل کرنے کے حوالہ سے اہم جائزہ اجلاس، ای-آفس کے استعمال کا اصل مقصد عوام کو بہترین سروسز کی فراہمی اور حکومتی نظام میں شفافیت لانا ہے۔ کاغذ کا استعمال کم سے کم ہونے سے ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ای -آفس پر منتقلی سے ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جا سکیں گے، ای-آفس کو استعمال میں آسان اور محفوظ بنایا جائے۔ وزیر اعظم کی چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ تعاون کے معاہدے کے حوالے سے امور پر پیشرفت تیز کرنے کی ہدایت، اجلاس کو ای آفس کے نظام اور اس کے نفاذ اور اصلاحات پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ ای-آفس کے نفاذ کی کامیابی جانچنے کے حوالے سے کی-پرفارمینس انڈیکیٹرز ترتیب دئیے جا رہے ہیں۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی اوورہالنگ پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ای آفس کو استعمال میں آسان اور محفوظ بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ تعاون کے معاہدے کے حوالے سے امور پر پیشرفت تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو ای آفس کے نظام اور اس کے نفاذ اور اصلاحات پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے امیر حکومت قطر اور قطر کے برادر عوام کو تہہ دل سے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے بہادر اور مظلوم عوام کی حالت زار پر بھی تبادلہ خیال کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین کے حوالے سے امن کی بحالی کی کوششوں کو بڑھائے اور خطے میں تشدد اور خونریزی کا فوری خاتمہ یقینی بنائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے امت مسلمہ کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لیے دعا کی ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات کے اظہار کا تبادلہ ہوا۔ وزیر اعظم نے عمان کے سلطان، حکومت عمان اور عمان کے عوام کو عید الاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کی اور عمان کے سلطان اور عوام کی صحت اور خوشحالی کے حوالے سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمان کے سلطان نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے امت مسلمہ کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لیے دعا بھی کی۔ وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی حکومت میں ادارہ جاتی سٹریٹجک اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس کو سٹریٹجک ریفارمز روڈمیپ پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔ جس کا کام حتمی مراحل میں ہے۔ وفاقی وزارتوں میں عالمی معیار کے ماہرین کی تعیناتی پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزارتوں و دیگر وفاقی اداروں میں اہم عہدوں پر پروفیشنل افرادی قوت تعینات کی جائے گی۔ معاشی ترقی کی حکمت عملی ترتیب دینے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
اہداف پورے کر لئے تو وعدہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو گا، ڈیڑھ دو ماہ تک اہم فیصلے، بوجھ ادارے ختم: شہباز شریف
Jun 16, 2024