اٹک (نامہ نگار)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس میں اٹک ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ وکلا برادری نے آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو معاشرے میں قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا۔ اس موقع پرگورنر پنجاب نے اٹک ضلع کچہری کے احاطے میں ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور ذوالفقاراے مرزا ایڈووکیٹ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ گورنر پنجاب نے وکلا کے وفد سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ وکلا برادری کے وفد نے گورنر پنجاب کو وکلا کی سیکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد میں صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رضوانہ راجہ، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار اٹک، ضلعی صدر پیپلز لائرز فورم اٹک ایڈووکیٹ اظہر عباس اور دیگر شامل تھے۔