اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے کراچی میں تعینات پولیس افسر حفیظ الرحمن بگٹی کے خلاف تادیبی کاروائی مکمل نہ ہونے پر شہری کی درخواست پر اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور ایس ایس پی کراچی ویسٹ حفیظ الرحمن بگٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیااور ہدایت کی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور پولیس افسر حفیظ الرحمن بگٹی 26 جون تک جواب جمع کرائیں۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے شہری کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا،حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے مطابق دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود انکوائری مکمل نہیں ہوئی ، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور پولیس افسر حفیظ الرحمن بگٹی 26 جون تک جواب جمع کرائیں عدالت نے حفیظ الرحمن بگٹی کو کام سے روکنے کی حکم امتناع کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کردیا ۔شہری سجاد ندیم ہاشمی نے پولیس افسر کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست میں شہری سجاد ندیم نے موقف اپنایا ہے کہ پولیس افسر حفیظ الرحمن بگٹی اور پولیس پارٹی کے خلاف میری شکایت پر مقدمہ درج ہے ،مقدمہ اغوا، تھریٹس ،ٹارچر اور اختیار کے غلط استعمال کے تحت درج ہے،حفیظ الرحمن بگٹی نے ذاتی رنجش میں اختیار کا غلط استعمال کرکے 4 تھانوں کی پولیس میرے خلاف کاروائی کے لیے بھیجی ،پولیس کی میرے خلاف کاروائی غلط ثابت ہوئی جس پر پولیس کے خلاف مقدمہ درج ہوا ،،عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 26 جون تک ملتوی کردی۔