کراچی (سپورٹس رپورٹر) آر بی ایس ون ڈے نیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد کراچی ڈںولفنز نے کوئٹہ بیئرز کو 137 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ دوسری جانب نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان ٹائیگرز نے راولپنڈی ریمنز کو 102 رنز سے اور نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں حیدرآباد ہاکس نے ایبٹ آباد رینوز کو 63 رنز سے ہرادیا۔ کراچی ڈیلفنز اور کوئٹہ بیئرز کے درمیان نیشنل بنک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کی خاص بات کراچی کے خالد لطیف کی ناقابل شکست ڈبل سنچری اور اسد شفیق کی سنچری تھی۔ کوئٹہ کا کوئی بولرز ان دونوں کھلاڑیوں کو رنز بنانے سے روک نہ سکا۔ جبکہ بولنگ میں محمد سمیع نے کراچی کی جانب سے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے کوئٹہ کو 227 رنز پر محدود کردیا۔ کراچی ڈیلفنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز سکور کئے۔ خالد لطیف اور اسد شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 239 رنز بناکر اپنی ٹیم کے سکور میں نمایاں اضافہ کیا‘ خالد لطیف نے 19 چوکوں اور7 چھکوں کی مدد سے 204 رنز اسکور کئے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ اسد شفیق نے تیسرے نمبر پر کھیلتے ہوئے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 105 رنز اسکور کئے۔ ان کو عرفان کی بولنگ پر وکٹ کیپر بسم اللہ خان نے اسٹمپڈ کیا جبکہ اوپنر علی اسد 34 اور افسر نواز11 رنز بناسکا۔ کوئٹہ کی جانب سے نذر حسین اور عرفان اسماعیل نے ایک ایک وکٹ لی۔ جواب میں کوئٹہ بیئرز اس پہاڑ جیسے اسکور کے سامنے صرف 227 رنز بناسکی۔ انٹر نیشنل کرکٹر شعیب خان اور محب اللہ کی جوڑی اپنی ٹیم کو مناسب آغاز فراہم نہ کرسکی۔ محب اللہ صفر اور شعیب خان ۔۔۔رنز بناسکا۔ اس طرح کوئٹہ کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان نے سب سے زیادہ 73 ‘ محمد اسلم نے 30 تیمور علی نے 25 اور عمران خان نے 40 رنز اسکور کئے۔ ٹیسٹ اسٹار محمد سمیع نے 52 رنز دیکر 5 ‘ طارق ہارون نے 62 رنز کے عوض 4 اور مصباح خان نے ایک وکٹ لی۔ خالد لطیف کو شاندار ڈبل سنچری پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ نیشنل سٹیڈیم میں ملتان ٹائیگرز اور راولپنڈی کے درمیان میچ بھی یکطرفہ ثابت ہوا۔ ملتان نے کاشف نوید کی سنچری کی بدولت تمام وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز اسکور کئے۔ کاشف نوید نے 2 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 134 رنز بنائے۔ بابر علی نے 38 ‘ رمیز عالم نے 36 ‘ عبد الرئوف نے 23 اور رضوان حیدر نے 21 رنز اسکور کئے۔ رضوان اکبر اور بابر نعیم نے 3,3 وکٹیں لیں۔ جواب میں راولپنڈی صرف 37 اوورز میں 207 رنز بناسکی۔ جمیل انور نے 59 ‘ بابر نعیم نے 45 محمد رمیز نے 26 رنز نمایاں بنائے۔ عبد الرئوف نے 4 اور محمد حفیظ جونیئر نے 2 وکٹیں لیں۔ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں ہوم ٹیم حیدرآباد ہاکس نے ایبٹ آباد کو 63 رنز سے شکست دی۔ حیدرآباد کے اوپنر عقیل انجم نے 93 ‘ محمد عرس نے 42 ‘ نور محمد نے 24 اور پیر وذوالفقار نے 28 رنز سکور کئے۔ ایبٹ آباد کی جانب سے خالد عثمان 4 اور نور امین نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں ایبٹ آباد تمام وکٹوں پر 203 رنز بناسکی۔ فواد خان نے 51 وقار نے 39 ‘ میر اعظم اور غلام محمد نے 26,26 رنز اسکور کئے۔ کاشف بھٹی نے 3 ‘ لعل کمار اور سجاد لغاری نے 2 ‘ 2 وکٹیں لیں۔