لاہور (کلچرل رپورٹر) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے چیف جسٹس افتخار چودھری سمیت تمام ججوں کی بحالی کے اعلان پر عوامی حلقوں نے زبردست خیرمقدم کیا ہے۔ آل پاکستان ٹیچرز فیڈریشن کے چیئرمین محمد اعظم بٹ نے دفتر نوائے وقت ٹیلی فون کر کے کہا کہ پاکستان کے اساتذہ نے بھی چیف جسٹس کی بحالی کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا۔ جب وہ ملتان جا رہے تھے تو نہر کے پل پر میں کھڑا تھا تو انہوں نے مجھے اپنے پاس بلایا اور میرے ہاتھ چوم کر کہا کہ آپ سرکاری ملازم ہوتے ہوئے جلوس میں شرکت کر رہے ہیں میں آپ کا شکر گزار ہوں۔ اعظم بٹ نے کہا کہ چیف جسٹس کی بحالی کی جدوجہد میں حصہ لینے پر ہمیں ملازمت سے برطرفی کے نوٹس بھی ملے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی راہنما رانا لیاقت نے چیف جسٹس سمیت تمام ججوں کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب صحیح معنوں میں انصاف کا بول بالا ہو گا۔ انجمن فلاح صارفین شیخ لیاقت علی نے کہا کہ آج عدلیہ آزاد ہو گئی ہے اور جس معاشرے کی عدلیہ آزاد ہو وہ مثالی معاشرہ ہوتا ہے۔ میں عدلیہ کی بحالی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ فیصل ٹاﺅن لاہور کی رہائشی بلقیس ارشد کمبوہ نے دفتر نوائے وقت فون کر کے کہا کہ اب سیاسی بحران ختم ہو جائے گا۔