لاہور (وقائع نگار) حقیقت یہ ہے کہ وکلاءکی جدوجہد اور تحریک نے ہی پاکستان بنایا تھا کیونکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بنیادی طور پر وکیل ہی تھے۔ ان خیالات کا اظہار جسٹس (ر) ڈاکٹر جاوید اقبال نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کی آزادی، معزول ججوں کی بحال کے لئے وکلاءنے دو سال تک جو تحریک چلائی وہ ناقابل فراموش ہے۔ گو اس تحریک میں مسلم لیگ ن کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں میڈیا اور عوام نے بھی ساتھ دیا۔ اس لئے یہ لوگ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیپلز پارٹی کو اقتدار میں آنے کے بعد پہلا کام یہی کرنا چاہئے تھا اور میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ پیپلز پارٹی نے پہلے یہ قدم کیوں نہیں اٹھایا۔