جاپان میں ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکوں سے عمارتیں لرز اٹھیں۔ ریکٹر سکیل پرزلزلے کی شدت چھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادھرفوکو شیما کے ایٹمی بجلی گھر کے پانچویں اور چھٹے ایٹمی ری ایکٹر میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث آتشزدگی کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ جاپان میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے ۔ چھ شدت کے آفٹر شاکس سے آج ایک بار پھر ٹوکیو اور دیگر علاقوں میں عمارتیں لرز اٹھیں جس سے لوگ خوفزدہ ہوگئے۔ جاپان میں گزشتہ پانچ روز میں زلزلے کے دوسو سے زائد جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں۔ دوسری جانب فوکو شیما کے ایٹمی ری ایکٹر میں لگنے والی آگ نے ری ایکٹر پانچ اور چھ کا درجہ حرارت بڑھادیا ہے جس کی وجہ سے پلانٹ میں آتشزدگی کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پلانٹ میں کام کرنے والوں کو نکال لیا ہے۔ جاپانی ایٹمی پلانٹس کے بحران سے نکلنے کے لیے امریکہ سے امداد طلب کرنے پر غور کررہا ہے ۔ ادھر جنوبی کوریا بھی جاپان کوایمر جنسی کولنگ سسٹم بھیج رہا ہے تاکہ ری ایکٹرز کو ٹھنڈا کیا جاسکے۔ تابکاری سے بچاؤ کے لیے بڑی تعداد میں غیر ملکیوں کا انخلاء شروع ہوگیا ہے۔ پاکستانی شہری بھی مختلف پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچ رہے ہیں ۔