سپیکر پنجاب اسمبلی نے یونیفکیشن بلاک کیخلاف ریفرنس خارج کرنیکا حکمنامہ جاری کر دیا

لاہور (وقت نیوز / ریڈیو مانیٹرنگ) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے ق لیگ کے پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیر الدین کی جانب سے یونیفکیشن بلاک کے 9 ارکان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس خارج کرکے باقاعدہ حکمنامہ جاری کر دیا اور کہا ہے کہ چودھری ظہیر الدین پارلیمانی لیڈر کی مطلوبہ اہلیت پوری نہیں کرتے لہذا نااہلی ریفرنس کی قانونی اور آئینی حثیت نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق چودھری ظہیر الدین نے یونیفکیشن بلاک کے طارق محمود‘ طاہر علی جاوید‘ چودھری ارشد‘ عطا مانیکا‘ نسیم لودھی‘ صبا صادق‘ فرحانہ افضل‘ عائشہ جاوید اور روفن جولیس کے خلاف سپیکر چیمبر میں نااہلی کے ریفرنس دائر کئے تھے سپیکر نے حکمنامہ میں کہا ہے کہ یہ معاملہ گزشتہ اسمبلی میں بھی پیش آیا جس میں سپیکر افضل ساہی نے رولنگ دی تھی کہ آئین میں پارلیمانی لیڈر کی تشریح درج نہیں‘ باضابطہ تشریح کے بغیر کسی رکن کے خلاف آئین کی شق 63A کے تحت نااہلی کی کارروائی نہیں ہو سکتی۔ حکمنامے کے مطابق مسلم لیگ کے 81 میں سے 46 ارکان نے طاہر جاوید کو اپنا پارلیمانی لیڈر قرار دیا۔ چودھری ظہیر الدین کے پاس پارلیمانی لیڈر رہنے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔ چودھری ظہیر الدین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ہم نے الیکشن کمشن سے رابطہ کر رکھا ہے امید ہے انصاف ملے گا۔
حکمنامہ جاری

ای پیپر دی نیشن