اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ق کے صدر سنیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کے امیدوار فاٹا سے بھی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فاٹا میں امن قائم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ وہ ق لیگ فاٹا کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے مرکزی سینئر نائب صدر اور فاٹا کے مرکزی کوآرڈی نیٹر اجمل خان وزیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ فاٹا کے عوام محب وطن ہیں اور پاکستان کے لئے ان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اجمل خان وزیر نے کہا کہ فاٹا کے لئے وزیراعظم سے لنگی الاﺅنس منظور کرانے پر ہم چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وفد نے چودھری شجاعت، چودھری پرویز الٰہی اور مشاہد حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔