لاہور (نامہ نگار) سی سی پی او لاہور محمد عملیش نے شہر میں اپلائیڈ فار موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو تھانوں میں بند کرنے کی جاری مہم کو ایک ہفتہ کیلئے روکتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز محمد طاہر رائے اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چودھری شفیق احمد کو ہدایات دی ہیں کہ شہریوں کو موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی تاریخ خرید سے ایک ہفتے کا وقت ان کی رجسٹریشن کیلئے دیا جائے اور جس شہری نے ایک ہفتہ میں اپنی موٹر سائیکل یا گاڑی رجسٹر نہ کرائی اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ایک ہفتہ بعد اس مہم کا دوبارہ آغاز کیا جائے۔ سی سی پی او لاہور محمد عملیش نے کہا ہے کہ دہشت گردی، کرائم اور امن و امان کی موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ ہمیں ایک نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ جرائم کی بیخ کنی اور جرائم پیشہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے کام کرنا ہو گا جس کیلئے ہم تجدید عہد کریں کہ ہم اپنے فرائض عبادت سمجھ کر ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس ہمیشہ ٹرینڈ سیٹر رہی ہے جو ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کی ہرممکن صلاحیت رکھتی ہے۔ پولیس اہلکاروں کو بھی تھانے میں آنے والے شرفاءاور معززین علاقہ کے ساتھ نہ صرف خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہئے بلکہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدام کرنا چاہئے۔ شہریوں سے ناروا سلوک کی شکایت کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس بھی معاشرے کا حصہ ہے اور شہریوں کو اسے اپنا سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں کی تعمیر و مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے مزید اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس سے نہ صرف بھرپور تعاون کریں بلکہ ان کی رہنمائی بھی کریں۔