لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میںصوبائی وزرائ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلی محمد شہبازشریف کو ان کی پانچ سالہ شاندار کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی عوام کے لئے زبردست اور ریکارڈ خدمات اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانے پر متفقہ قرارداد منظورکی گئی۔ سینیئر مشیر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیاکہ پانچ برس کے دوران پنجاب میں تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح کے ایسے عدیم المثال منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا جن پر کوئی بھی حکومت فخر کرسکتی ہے۔ تعمیر و ترقی کی اسی مثال اور معیار کی بنیاد پر آج صوبہ پنجاب عوامی حلقوں اور بین الاقوامی اداروں کی رائے میں وفاقی حکومت اور دوسرے صوبوں کی کارکردگی کے مقابلے میں ایک ممتاز اور منفرد مقام کا حامل ہے۔ آج ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل جیسے اداروں کی رپورٹ آنے کے بعد اغیار بھی وزیراعلیٰ کی محنت، گڈ گورننس اور شفافیت کا اعتراف کرنے پر مجبور ہیں۔ پنجاب کابینہ کے ارکان وزیراعلیٰ محمد شہبازشر یف کی قیادت کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب کابینہ کے خصوصی اجلاس سے اپنے خطاب میں گزشتہ پانچ برس کے دوران عوام کے لئے کئے جانے والے فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمیں عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی کے حوالے سے جو کامیابیاں ملی ہیں اس پر خدا کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ پنجاب سے شروع کیا ترقی کا سفر ملک بھر میں پھلائینگے۔ میں اور میری پوری ٹیم پانچ برس بعد مطمئن ہے کہ ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ عوام کی عدالت میں ہمارا سر فخر سے بلند ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے میٹروبس پراجیکٹ، اجالا پروگرام اور لیپ ٹاپ سکیم کو شفاف قرار دینا نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لئے باعث فخر ہے باعث اعزاز ہے۔ غلطیاں اور خامیاں ہم میں بھی ہوسکتی ہیں لیکن ہماری نیت نیک ہے اور یہی وجہ ہے کہ پانچ برس بعد آج ہم عجزوانکساری کے ساتھ اپنا سر بلند کرسکتے ہیں۔ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ پنجاب میں جو محنت، دیانت، امانت اور خلوص نیت سے عوام کی خدمت کرنے کا نیا سوشل کنٹریکٹ رائج کیا گیا ہے اس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاسی ٹیم اور سرکاری حکام نے مل کر کام کیاہے اور پنجاب میں تاریخ کا دھارا موڑا گیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو تاریخ کا دھارا موڑیں گے اور ملک کے حالات بدلیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کابینہ کے اراکین، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، محکموں کے سربراہان، کمشنرز اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے سٹاف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ساتھ بطور ٹیم کام کیا۔ بعدازاں پنجاب کابینہ کے اراکین اور سرکاری حکام نے گروپ فوٹو بنوایا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر کرپشن کی اور بینک آف پنجاب میں اربوں روپے کے ڈاکے ڈالے۔ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور جعلی ناموں کے ذریعے بینک سے قرضے حاصل کئے گئے اور اپنی بند ملیں فروخت کی گئیں۔ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو صوبے کی طرح بینک آف پنجاب بھی انتہائی بری حالت میں تھا۔ جس طرح ہم نے پنجاب کو ٹھوس اور شفاف پالیسیوں کے ذریعے اقتصادی طور پر مستحکم کیا ہے اسی طرح بینک آف پنجاب کو بھی بہترین انتظامیہ کے ذریعے مضبوط بنایا ہے۔ وہ گزشتہ روز نیو گارڈن ٹاﺅن میں بینک آف پنجاب کی پہلی اسلامک بینکنگ برانچ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے بینک حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک بینکنگ برانچ اچھی پیش رفت ہے اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ اسلامک بینکنگ برانچ کا آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں پورا پنجاب کرپشن کا قبرستان بن چکا تھا۔ بینک آف پنجاب میں 75 ارب کا ڈاکہ ڈال کر لوٹ مار کی گئی۔ ہم نے بینک آف پنجاب کو اپنے پاﺅں پرکھڑا کیا ہے اور سیاست سے پاک کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ خدا کرے سیاستدان نگران سیٹ اپ کیلئے ناموں پر نیک نیتی سے متفق ہو جائیں اگر ایسا نہ ہوا تو یہ بڑی بدقسمتی ہو گی۔ ہم نے نگران حکومت کیلئے ایماندار ، دیانتدار اور فرض شناس شخصیات کے نام دیئے ہیں۔ جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد کے نام پر کراچی سے لے کر پشاور تک پوری قوم متفق ہے۔ اسی طرح رسول بخش پلیجو بھی محنتی اور ایماندار شخصیت کے مالک ہیں۔ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے ہم نے جسٹس (ر) عامر رضا کا نام دیا ہے جو ایک ایماندار شخص ہیں اور جس پر قوم متفق ہے۔ اسی طرح خواجہ ظہیر بھی ایک قابل اور ایماندار شخص ہیں اگر وفاقی حکومت ان سے اچھے اور ایماندار شخصیات کے نام پیش کردے تو ہم ان پر متفق ہو جائیں گے تاہم مسلم لیگ (ن) اس ضمن میں پارٹی رہنماﺅں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے بینک آف پنجاب کی اسلامک بینکنگ برانچ کا افتتاح کیا، دعا مانگی اور برانچ کا دورہ کیا۔ دریں اثنا شہباز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ بادامی باغ کے متاثرین کی بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ گھروں کی تعمیر ومرمت کے ساتھ گرجاگھروں کی تزئین آرائش بھی کی جا رہی ہے۔ 40گھروں کی مرمت کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور ایک روز کے اندر گھر متاثرین کے حوالے کردیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر و مرمت کا کام مزید تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی جلد سے جلد یقینی بنائی جاسکے۔ وہ گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں واقعہ بادامی باغ کے ضمن میں ہونے والی پیش رفت اور متاثرین کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ٰشہباز شریف نے کہا کہ پنجاب بھر میں یوم رواداری منایا گیا جس کا مقصد معاشرے میں تحمل، برداشت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ واقعہ بادامی باغ میں جو کوئی بھی ملوث ہوا اسے نہیں چھوڑیں گے۔ گناہگار کو ہر صورت سزا دلائی جائے گی۔ انہوں نے حکم دیا کہ ایف آئی آر میں نامزد مفرور ملزموں کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے اور ملزموں کے خلاف چالان انسداد ہشت گردی کی عدالت میں بلاتاخیر پیش کیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جوہر ٹاﺅن میں مکمل ہونے والے جدید سپورٹس کمپلیکس سے شہریوں کو ان ڈور اور آﺅٹ ڈور کھیلوںکی سہولیات میسر آئی ہیں ۔ ایک ارب روپے کی لاگت سے 40 کنال رقبے پر جدید سپورٹس کمپلیکس ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے جبکہ انفراسٹرکچر پر 40 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔سپورٹس کمپلیکس شہریوں کیلئے حکومت پنجاب کا ایک انمول تحفہ ہے۔ سپورٹس کمپلیکس میں خواتین اور مردوں کیلئے کھیلوں کی الگ الگ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ جدید سویمنگ پول بھی بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جوہر ٹاﺅن میںجدید سپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں انہوں نے سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں دیانتداری، ایمانداری اور خلوص نیت سے عوام کی خدمت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت آج عوام کی عدالت میں سرخرو ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے میٹرو بس پراجیکٹ، اجالا پروگرام اور لیپ ٹاپ سکیم کو شفاف قرار دے کر پنجاب حکومت کی شفافیت کی پالیسی کو سند دی ہے۔ بلاشبہ یہ پنجاب حکومت اور صوبے کے عوام کیلئے باعث اعزاز ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ کے بعد میٹرو بس پراجیکٹ پر تنقید کرنے والے عناصر اب چپ ہو چکے ہیں۔ بڑے خان صاحب، نائب وزیراعظم اور قمر زمان کائرہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو کرپشن کاکوئی ثبوت نہیں دے سکے اور جب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے ثبوت کیلئے خط لکھا تو ان عناصر کی زبانیں گنگ ہوگئیں اور ہاتھ کانپنے لگے۔ اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو اسے پورے ملک تک پھیلائیں گے۔ دریں اثنا شہباز شریف سے ماڈل ٹاﺅن میں بلوچستان کے ضلع لورا لائی سے تعلق رکھنے والی مختلف جماعتوں کے 11اہم رہنماﺅں نے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں حاجی جہانگیر خان، حاجی الیاس احمد، حاجی محمد ماجد ناصر، حاجی شیر خان ناصر، ملک تاران کاکڑ، عامر خان، حاجی کمال الدین، گل خان ناصر، حاجی غلام محی الدین، عبیداللہ ناصر اور عبدالخالق ناصر شامل ہیں۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ دریں اثنا شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاجر برادری معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ عام انتخابات میں عوام نے خدمت کا موقع دیا تو تاجر برادری کو بے جا ٹیکسوں سے نجات دلائیں گے اور ان کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح میں تاجر برادری کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تاجربرادری کی جانب سے بے مثال عوامی خدمت کے اقدامات پر وزیراعلی کو گولڈ میڈل پہنایا گیا۔ وزیراعلی جب استقبالیہ میں شرکت کے لئے پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تاجر برادری نے وزیراعلی کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ زرداری اور اس کے حواریوں نے خزانہ کھوکھلا کر دیا ہے۔ عوام زرداری اور اس کے حواریوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔
شہباز شریف