ڈیڑھ ارب ڈالر عوام کیلئے آئے ہیں تو پٹرول، بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں: شیخ رشید

Mar 16, 2014

لاہور ( این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈالر ایک دن بھی 98 روپے کی سطح پر نہیں آیا، اگر میرے استعفے سے ملک کے مسائل حل ہوتے ہیں تو میں مستعفی ہونے کیلئے تیار ہوں۔ مجھے اپنی سیٹ سے زیادہ ملک کی سلامتی عزیز ہے۔ ڈیڑھ ارب ڈالر کہاں سے آئے اس کا نہیں بتاسکتا، اگر یہ ملکی ترقی اور عوام کیلئے آئے ہیں تو پھر پٹرولیم مصنوعات، بجلی کی قیمتوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے، نرسز کو تو پبلک سروس کمیشن کا امتحان دینے کا کہا جارہا ہے لیکن جن افراد کو کروڑوں اربوں کے بیت المال کے معاملات، پی آئی اے اور نجکاری بورڈ کی ذمہ داریاں سونپی گئیں کیا انہوں نے بھی کوئی امتحان دے رکھا ہے؟ ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف نے مظفر گڑھ میں جا کر اچھا کام کیا لیکن انہوں نے پولیس سے جو رویہ اپنایا وہ ہرگز درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلی مرتبہ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیر اسحاق ڈار کو خط لکھا ہے جس میں اسلام آباد میٹرو بس منصوبے پر تحفظات اور ان سے نالہ لئی ایکسپریس وے کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے اور اس کیلئے دو ارب روپے بھی خرچ ہوچکے ہیں۔ مختلف ایشوز پر سویلین حکومت اور فوج ایک لائن و لینتھ پر نہیں اور مشرف کے کیس پر بھی فوج کا اختلاف ہے۔ انہوں نے پرویز مشرف کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر اس حکومت کے کوئی خیر خواہ ہیں تو وہ اس معاملے میں اسے آبیل مجھے مار کا مشورہ نہیں دیں گے۔ 75 سال کا جرنیل اس حکومت کیلئے خطرہ نہیں اور اس کیلئے یقیناً تیسرا راستہ نکالنا چاہئے۔

مزیدخبریں