سیالکوٹ (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات ناکام ہوگئے تو ملکی بقا کو خطرہ لاحق ہوجائیگا۔ سیالکوٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی معیشت بحران کا شکار ہے، اگر معیشت بحال ہو گئی تو امن و امان قائم کرنے میں مدد ملے گی تاہم اگر طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات ناکام ہوئے تو ملکی بقا کو خطرہ لاحق ہوگا۔ پرویز مشرف سے متعلق خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وردی میں بڑھکیں مارنے والا شخص آج مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے ہسپتال میں چھپ کر بیٹھا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کیلئے اگر وزیراعظم نوازشریف باہر نہ نکلتے تو عدلیہ کبھی بحال نہ ہوتی۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے سیالکوٹ بار ایسوسی ایشن کیلئے 50 لاکھ روپے فنڈ کا بھی اعلان کیا۔ اے پی اے کے مطابق وزیر دفاع نے کہا ہے کہ فوجی آمر پرویز مشرف کیخلاف عدالتی ٹرائل اور تمام قانونی کارروائی ہر صورت میں مکمل ہوگی۔ حکومت اگلے ماہ اپریل میں نیشنل گرڈ میں 1700میگاواٹ بجلی شامل کریگی۔ جس سے آئندہ گرمیوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی شدت میں خاصی کمی ہوگی۔ سیالکوٹ میں وکلاء کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گیس کے بحران پر قابو پانے کیلئے گیس امپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ امپورٹڈ گیس ترجیحی بنیادوں پر بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس کو دی جائیگی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم ملکی دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ معیشت کی بحالی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ملک کو نقصان ہوگا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آئین کو پامال کرکے اقتدار پر قبضہ کرنیوالا کمانڈو عدالتوں کا سامنا کرنے کی بجائے ہسپتال کے ایک کمرہ میں چھپ کربیٹھا ہوا ہے۔ کالے کوٹ والوں نے جمہوریت اور عدلیہ کی آزادی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں آج ملک میں جمہوریت اسی کا شاخسانہ ہے۔ مذہب کے نام پر کاروبار چل رہے ہیں اور بہت سے فرنچائز بھی ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر شاہد میر ایڈووکیٹ، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اکرام، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ادریس باجوہ، جنرل سیکرٹری بار مجاہد رسول سمیت کثیر تعداد میں وکلاء بھی موجود تھے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ڈاکٹر محمد نواز شریف کے صبر کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے اپنا ٹائم پورا کیا۔ بہت سے قوتوں ہمیں اکسا رہی تھیں کہ حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے لیکن ڈاکٹر محمد نواز شریف نے صبر کا مظاہرہ کیا اور فرینڈلی اپوزیشن کا داغ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین اقلیتی مذاہب اور مسالک کے خون بہانے کا کسی کو حق نہیں دیتا۔ اسلام ہمیں رواداری کا درس دیتا ہے۔ ملک کی بقاء اور معیشت کی بحالی کی جنگ لڑی جا رہی ہے اور اگر دو تین سال میں اس سے نہ نکل سکے تو شدید خطرات پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا حکومت کی اچھی معاشی پالیسیوں اور معیشت کی بہتری کی وجہ سے ڈالر نیچے آیا ہے اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ملکی معیشت کو پہیہ چلتا رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2200 ارب روپے سے زائد ریکوری ہوئی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ مئی میں بجلی کی پیداوار شروع کردیگا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ 10 کروڑ روپے رشوت کی خاطر اس منصوبہ میں تاخیر کی گئی۔ بعد ازاں خواجہ محمد آصف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین حاجی پورہ شگفتہ نقوی کے ہمراہ کالج میں 58.61 ملین روپے سے تعمیر ہونے والے نئے بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔ خواجہ محمد آصف نے 8کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے حاجی پورہ ڈسکہ روڈ کے ایک کلومیٹر لمبے ٹکڑے کو کشادہ کرنے اور اڑھائی کلو میٹر روڈ پر کارپٹنگ کے منصوبہ کا بھی افتتاح کیا۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران وفاقی وزیر دفاع نے ایک بار پر اس عزم کو دھرایا کہ اگر طالبان کے ساتھ مارچ میں کئے جانے والے مذاکرات کامیاب ہوجاتے ہیں تو ٹھیک ورنہ حکومت کو دوسری آپشن پر غور کرنا پڑیگا۔ واضح رہے کچھ روز پہلے وزیر دفاع کے اسی طرح کے بیان کے بعد وزیراعظم نے تمام وزرا خصوصا وزیر دفاع کو ایسے کسی بیان دینے سے روک دیا تھا جس سے حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذکرات پر سوالات اٹھیں مگر خواجہ محمد آصف نے ایک بار پھر بیان داغ دیا ہے کہ مذکرات کی ناکامی کی صورت میں دوسرا آپشن یقینی طور زیر غور آ سکتا ہے۔ دوسری طرف وزیر دفاع نے ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بارے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بے شک طالبان نے ان واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے مگر طالبان نے ان دھماکوں کی مذمت نہیں کی۔ پرویز مشرف کی گرفتاری بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کیلئے اور ایک عام شہری کے لئے قانون علیحدہ علیحدہ نہیں ہے ہماری حکومت یہ ثابت کرے گی کے قانون سب کیلئے برابر ہے۔
وزیر دفاع