برلن (آن لائن )جرمنی میں ایک ریلوے سٹیشن پر ناکام بم حملے اور انتہائی دائیں بازو کے ایک سرکردہ مسلم مخالف رہنما کے قتل کی سازش کے الزام میں چار مبینہ مسلمان عسکریت پسندوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ برلن سے موصولہ رپورٹس کے مطابق ان ملزمان میں مارکو جی نامی ایک 26 سالہ جرمن شہری بھی شامل ہے، جس نے 2012ء میں کرسمس سے دو ہفتے قبل شہر بون کے مرکزی ریلوے سٹیشن پر بم حملے کی ناکام کوشش کی تھی۔ جنوبی جرمن شہر کارلسروہے میں وفاقی دفتر استغاثہ کے مطابق اسی ملزم اور اس کے تین دیگر ساتھیوں پر وفاقی صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی تارکین وطن کی مخالف ایک تنظیم Pro-NRW کے ایک مسلم مخالف سربراہ کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں بھی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ اس مقدمے کے باقی تین ملزمان میں ایک البانوی، ایک ترک نژاد جرمن باشندہ اور ایک جرمن شہری شامل ہیں۔ ان ملزمان کو مارچ 2013ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔