مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ‘ نوجوان شہید‘ متعدد حریت رہنما نظربند بانڈی پورہ میں کرفیو مظاہرے

سری نگر (کے پی آئی+اے پی اے)مقبوضہ کشمیر میں نہتے مظاہرین پر  بھارتی فوج کی فائرنگ سے والدین کا اکلوتا بیٹا فرحت ڈار شہید ہو گیا، پٹن میں بھارتی مظالم کی خلاف احتجاج کیا جا رہا تھا۔ فوج نے  فائرنگ کر دی۔اے پی اے کے مطابقمقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے بھارتی پولیس کے ہاتھوں ایک نوجوان کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے ضلع بانڈی پورہ میں کرفیو جبکہ دیگر علاقوں میں سخت پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فرحت احمد ڈار نامی نوجوان کو بھارتی پولیس نے گزشتہ روز بانڈی پورہ کے علاقے نائید کھائی میں پر امن مظاہرین پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھادریںا ثناء قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان اور دیگرحریت رہنمائوں کو گھروں میں نظر بند کر دیا ہے۔ حریت رہنما محمد یوسف نقاش کو گرفتار کر کے صفا کدل تھانے میں منتقل کیا گیاہے۔شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان کو شہید نوجوان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے نائید کھائی جانے کا پروگرام تھا۔ علاقے نائید کھائی میں سینکڑوں لوگوں نے بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کی حمایت میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کیمپ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 20سالہ نوجوان فرحت احمدڈارشہید جبکہ آٹھ دیگر نوجوان زخمی ہو گئے۔ترجمان ایاز اکبر نے کہا کہ سید علی گیلانی کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن