نیویارک(آن لائن)اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی سینیٹ اپنی وہ رپورٹ جاری کرے، جس میں سی آئی اے کے ہاتھوں تشدد اور ایذا رسانی کو موضوع بنایا گیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ رپورٹ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی طرف سے استعمال کئے گئے تفتیشی ہتھکنڈوں کے بارے میں ہے۔ اسی رپورٹ کے بارے میں سی آئی اے اور امریکی سینیٹ کی ایک کمیٹی کے مابین شدید تنازعہ بھی پایا جاتا ہے۔