اسلام آباد(آن لائن) 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کا حتمی سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے، پاک فوج کے چاک وچوبند دستوں نے پریڈ گراﺅنڈ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ پریڈ گراﺅنڈ احاطہ کو خار دار تاروں کے ساتھ ساتھ ایک دیوار سے ڈھانپنے کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہر تھانے کی حدود میں ناکوں کی تعداد دو سے بڑھا کر پانچ کر دی گئی ہے جبکہ وفاقی پولیس کے کمانڈوز، گھڑسواروں، رینجرز، ایف سی، پنجاب پولیس اور کشمیر پولیس کے اہلکار اپنی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ وزیر اعظم، مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیروں اور وفاقی وزرا سمیت دیگر افراد کو خصوصی پاس بھجوا دئیے گئے ہیں۔