لاہور، کوئٹہ، کراچی (نیوز رپورٹر + صباح نیوز) پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہورہی ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جاکر پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 85 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔ محکمہ صحت نے پولیو ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں تمام اضلاع میں فراہم کردی ہیں۔ مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بتایا انسداد پولیو مہم کیلئے محکمہ صحت نے تقریباً 40 ہزار ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن میں سے 33 ہزار موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلائیں گی ۔جبکہ صوبے کے داخلی و خارجی راستوں اور پرماننٹ ٹرانزٹ پوائنٹس (PTP)، بس ٹرمینل، ریلوے سٹیشنز، ائرپورٹس، موٹروے کے ٹول پلازوں کے علاوہ تمام سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سنٹرز پر پولیو کے قطرے پلانے کیلئے ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا وزیراعلیٰ کی ذاتی نگرانی، محکمہ صحت کے افسروں و اہلکاروں کی محنت اور مو¿ثر اقدامات کی بدولت پنجاب میں گزشتہ سال پولیو کے صرف 4 کیس رپورٹ ہوئے اور رواں سال ابھی تک کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسروں اور اہلکاروں پر زور دیا وہ اپنے فرائض منصبی پیشہ وارانہ لگن اور قومی جذبے کے ساتھ ادا کریں تاکہ ملک کی 51 فیصد آبادی کے صوبے کے بچوںکو پولیو کے مرض سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ گھروں پر آنے والی محکمہ صحت کی موبائل ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ حکومت نے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز اور پولیس حکام کو پولیو ٹیموں کو معقول سکیورٹی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ بلوچستان کے 29 اضلاع میں بھی انسداد پولیو کی 3 روزہ مہم آج سے شروع ہو رہی ہے جس کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اس سے قبل سکیورٹی کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ میں انسداد پولیو کی قومی مہم ایک ہفتہ کیلئے مو¿خر کردی گئی تھی۔ 29 اضلاع میں 24 لاکھ 72 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ 6498 موبائل ٹیمیں، 789 فیکسڈ سائیڈ، 311 ٹرانزٹ روٹس اور 1332 ایریا انچارج حصہ لیں گے۔ افغان پناگزین کے بچوں کو بھی انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔ کوئٹہ میں 4لاکھ 85 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ بلوچستان میں رواں سال پولیو کے دو کیسز سامنے آئے ہیں، پہلا کیس قلعہ عبداللہ جبکہ دوسرا کیس لورالائی میں سامنے آیا۔ دریں اثناءسندھ میں بھی تین روزہ انسداد پولیو مہم کے تحت 22 اضلاع کے 82 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔ کراچی کے 18 ٹاﺅنز میں مہم جاری رہے گی۔ رواں سال ملک بھر میں 19 پولیو کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پولیو مہم
پنجاب، سندھ، بلوچستان میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع
Mar 16, 2015