اسلام اقلیتوں کی عبادتگاہوں پر حملوں کی اجازت نہیں دیتا سنی اتحاد کونسل کے مفتیوں کا اجتماعی اعلامیہ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مفتیان کرام نے اپنے اجتماعی اعلامیہ میں یوحنا آباد لاہور میں چرچوں پر خودکش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مسیحیوں کی عبادتگاہوں پر حملے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔اسلام اقلیتوں کی عبادتگاہوں پر حملوں کی ہر گز اجازت نہیں دیتا بلکہ اسلام نے اسلامی ریاست کو اقلیتوں کے تحفظ کا پابند بنایا ہے۔گرجا گھروں پر حملے کرنیوالے دین ِ امن و محبت کو بدنام کررہے ہیں۔ سانحہ یو حنا آباد کے ذمہ دار سفاک دہشت گردوں اور ان کے سر پر ستوں کو پکڑ کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔ شرعی اعلامیہ میں اپیل کی گئی ہے کہ پوری قوم بے رحم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو جائے اور علماء کرام اسلام میں اقلیتوں کے حقوق واضح کریں۔ اعلامیہ جاری کرنیوالے علماء کرام میں مفتی محمد حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان،علامہ حامد سرفراز قادری، مفتی محمد رمضان جامی،علامہ نعیم جاوید نوری،مفتی منور حسین رضوی، علامہ غلام عثمان غنی، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی شعیب منیر، مولانا اکبر نقشبندی و دیگر شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن