لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنائی جانے والی سپیشل کمیٹی نے پوری سلیکشن کمیٹی کو برطرف کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ گذشتہ روز کمیٹی کے ارکان نے سلیکشن کمیٹی کے ارکان کو باری باری بلا کر ان پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی جس پر چیف سلیکٹر ہارون رشید ناراض ہو کر اجلاس سے چلے بھی گئے جنہیں بعد میں منا کر واپس لایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں سپیشل کمیٹی کا اجلاس 7 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا جسے میڈیا کے نمائندوں سے چھپایا گیا جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا کے نمائندوں کو پریس کانفرنس روم تک محدود کر دیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے اجلاس کے دوران سپیشل کمیٹی کے ارکان کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید اور ممبران کو باری باری بلا کر ان پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی جس پر ہارون رشید سپیشل کمیٹی کے رویئے سے دلبرداشتہ ہو کر اجلاس سے چلے گئے جس پر انہیں دوبارہ منا کر اجلاس میں لایا گیا۔ سپشل کمیٹی نے ایشیا کپ میں پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی قائدانہ صلاحتیوں اور کوچنگ سٹاف اور مینجمنٹ کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سپیشل کمیٹی نے پوری قومی سلیکشن کمیٹی کو برطرف کرنے کی سفارشات پر اتفاق کر لیا ہے تاہم حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کرنا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سپیشل کمیٹی کے ارکان کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کے ارکان کو الگ الگ بلا کو ان سے پوچھ گچھ کرنے پر بھی سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے بھی برا منایا۔ پی سی بی سپیشل کمیٹی کا تیسرا اجلاس 21 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔