لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اتھارٹی مکمل طور پر خودمختار ہو گی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی، بہترین زرعی ادویات و کھاد اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کیلئے اتھارٹی کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لاہور میں ملک کی پہلی جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے بعد ملتان، فیصل آباد، بہاولپور اور راولپنڈی میں بھی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبزکو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اتھارٹی کے قیام سے غیرمعیاری ملاوٹ شدہ خوراک، ادویات اور زرعی ادویات و سپرے کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ اتھارٹی ہر قسم کی مداخلت سے پاک ہونی چاہئے۔ اتھارٹی اور لیبز کی اپ گریڈیشن کیلئے مکمل طور پر نیا عملہ بھرتی کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سٹیئرنگ کمیٹی اتھارٹی کے قیام اور دیگر شہروں میں لیبز کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ خوراک اور ادویات کے نام پر عوام کو زہر کھلانے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ اتھارٹی کا سوفیصد نظام ڈیجیٹل ہونا چاہئے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریسٹورنٹس انوائس مانٹیرنگ سسٹم کا آغاز لاہور سے کر دیا گیا ہے۔ ریسٹورنٹس سے ادا کردہ ٹیکس کو یقینی طور پر حکومت تک پہنچانے کیلئے ریمز جدید ترین آن لائن مانیٹرنگ نظام ہے۔ جدید نظام میں امانت سکیم کی پہلی قرعہ اندازی اپریل میں ہو گی۔ ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا۔ پنجاب میں ہر سال ٹیکس ڈے بھی منایا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے سندھ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے شیرازی برادران نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا مسلم لیگ (ن) کی قیادت سیاست برائے سیاست نہیں بلکہ سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کے حالات میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے اور ملک امید اور روشنیوں کے سفر کی جانب رواں دواں ہے۔ وزیراعلیٰ سے کمانڈر سنٹرل پنجاب اینڈ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وارکالج ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے سینئر صحافی پرویز حمید کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔