اسلام آباد /کراچی(صباح نیوز)کراچی سے اسلام آباد ڈرائی پورٹ جانے والے ہر کنٹینر پر 10 لاکھ روپے کی ڈیوٹی چوری ہو رہی ہے، کسٹم انٹیلی جنس نے ملوث کلیئرنگ ایجنٹس اور کسٹم افسران کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں ۔ڈرائی پورٹس سے گاڑیوں کے استعمال شدہ پرانے پرزہ جات (اولڈ آٹو پارٹس) پر حکومتی خزانے کو ڈیوٹی کی مد میں سالانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جانے لگا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مطابق کراچی کی بندرگاہوں پورٹ قاسم ،کراچی پورٹ ٹرسٹ ، ویسٹ وہارف ،ایسٹ وہارف سمیت بڑی تعداد میں بیرون ملک سے درآمد شدہ اولڈ آٹو پارٹس بانڈڈ کیریئرز کے ذریعے اسلام آباد ڈرائی پورٹ پر بھیجے جاتے ہیں۔ در آمدی ڈیوٹی کی چوری کسٹم کے بعض افسران کلیئرنگ ایجنٹوں سے مل کر کررہے ہیں ، اس معاملے پر کسٹم انٹیلی جنس یونٹ نے معلومات جمع کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اولڈ آٹو پارٹس سے بھرے ہوئے 40 فٹ کے ایک کنٹینر پر کسٹم کی درآمدی ڈیوٹی 18 لاکھ روپے تک ہوتی ہے، تاہم جب یہی کنٹینرز اسلام آباد ڈرائی پورٹ پر پہنچتے ہیں تو ان پر وصول کی جانے والی درآمدی ڈیوٹی 8 لاکھ روپے تک رہ جاتی ہے اور یہ سلسلہ گزشتہ کئی برس سے جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک پاکستان کو ڈیوٹی کی مد میں اربوں کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
ڈیوٹی چوری