راولپنڈی (نیوز رپورٹر) معلوم ہوا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک کی بدترین صورتحال کے پیش نظر اعلٰی حکام سرجوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور اس کا مستقل حل نکالنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں سےتجاویز مانگ لی گئی ہیں۔ راولپنڈی میں مری روڈ پر میٹروبس پراجیکٹ کی کامیابی کے باوجود مری روڈ پر اسقدر شدید ٹریفک ہے کہ جس سے انسانی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ جس کا نوٹس بالاخر حکومتی اکابرین نے لے لیا ہے اور راولپنڈی ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن، واسا، کنٹونمنٹ بورڈ کے علاوہ عوامی سطح پر بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کوئی مناسب حل نکالا جاسکے۔ راولپنڈی کی سڑکوں پر شاید ہی کوئی ایسا لمحہ ہو جب گاڑیوں، رکشوں اور ویگنوں کا ایک سمندر موجود نہ ہو جس کی وجہ سے پیدل چلنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ اس ساری صورتحال کو دیکھ کر ہی یہ فیصلہ ہوا ہے کہ اکثر اوقات ایمبولینس گاڑیاں بھی بری طرح پھنس جاتی ہیں اور کئی مریض بمشکل تمام ہی ہسپتال تک پہنچ پاتے ہیں۔