کراچی( خصوصی رپورٹر) روزنامہ دی نیشن کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر ممتازصحافی ضمیر شیخ کو جمعرات کو بعد نماز ظہر محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا قبل ازیں ان کی نماز جنازہ مسجد غنی فیڈرل بی ایریا بلاک 21 میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ اور تدفین میں صحافیوں ، نوائے وقت اور دی نیشن کے کارکنوں ، معروف شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک، ڈی جی پی آئی ڈی سکندر شاہ، ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت کراچی محمد امین یوسف‘ طاہر حسن خان، فہیم صدیقی ، ڈاکٹر توصیف احمد خان، امتیاز خان فاران، طارق محسن صدیقی،انیس احمد خان،عثمان اجمیری، سالک مجید، ایوب جان سرہندی، و دیگر کے علاوہ سیاسی جماعتوں سے وابستہ شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثنا ضمیر شیخ کے انتقال پر کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر ضیاءشاہد، سیکریٹری جنرل اعجازالحق سمیت تمام اراکین نے سی پی این ای کے رکن اور روزنامہ دی نیشن کراچی کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر ضمیر شیخ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے، اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میںجگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا فرمائے۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل ،عمر مجیب شامی نے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے روزنامہ دی نیشن کراچی کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر ضمیر شیخ کے انتقال پر ملال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میںجگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا فرمائے۔اے پی این ایس کے اراکین ان کے اہل خانہ کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔دریں اثناء میئر کراچی وسیم اختر نے روزنامہ دی نیشن کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر اور سینئر صحافی ضمیر شیخ کے انتقال پر اپنے انتہائی گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم نے ایک طویل عرصے تک روزنامہ دی نیشن کے ساتھ وابستگی اختیار کرتے ہوئے صحافت کے میدان میں نمایاں کام کیا اور ان کا شمار سینئر ترین صحافیوں میں ہوتا تھا ، انہوں نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک بہترین صحافی تھے بلکہ انہیں لکھنے پر کمال حاصل تھا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف موضوعات پر دو کتابیں بھی تحریر کی ہیں جبکہ ان کی تازہ تصنیف ”روشن خیالی سے ملائیت تک “کی ابھی حال ہی میں تقریب رونمائی بھی منعقد ہوئی تھی۔ سیکریٹری اطلاعات سندھ عمران عطا سومرو اور ڈائریکٹر انفارمیشن محترمہ زینت جہاں نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔ علاوہ ازیں ضمیر شیخ کے انتقال پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات او رلواحقین و پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے مزید برآںمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ضمیر شیخ کے انتقال پر گہرے دکھ اور ادفسو س کا اظہار کیا ہے ایک تعزیتی بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مرحوم کے تمام سوگواران دلی تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی اور کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ایم کیوایم پاکستان برابر کی شریک ہے ۔
ضمیر شیخ/ سپردخاک