اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے صارف حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے، صارفین کو ان کے حقوق فراہم کرنے کیلئے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے، صارفین کی شکایات کا ازالہ اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کنزیومر رائٹس کمشن آف پاکستان کے زیراہتمام قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین کے حقوق کی فراہمی کیلئے کنزیومر رائٹس کمشن آف پاکستان سے ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے حقوق انسانی حقوق کا اہم جزو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین میں اپنے حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کرنی چاہئے جبکہ صارفین کو ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے آئین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت انسانی حقوق کی ضامن ہے، یہ عوام کے ووٹ کے احترام کا نام ہے، لوگوں کو بااختیار بنانے کا مطلب عوام کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ رانا محمد افضل نے کہا کہ انسانی حقوق اور صارف کے حقوق کے بارے میں معاشرہ ہی جدوجہد کر سکتا ہے، کنزیومر رائٹس کمشن آف پاکستان صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ جب بھی کہیں سے خریداری کریں تو اس کی انوائس ضرور حاصل کریں کیونکہ یہ آپ کا قانونی حق ہے اور اس انوائس کے ذریعے آپ اپنے خلاف ہونے والی زیادتی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر سکتے ہیں۔ رانا محمد افضل نے کہا کہ صارفین کے حقوق سے متعلق شعور اجاگر کرنا کنزیومر رائٹس کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے، سوشل میڈیا زندگی کے دیگر شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور وہ صارف میں شعور اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری اقدار اور صارف کی حوصلہ افزائی کرکے اس لوٹ مار کی روک تھام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا چاہتے ہیں تو اس کیلئے ہمیں ملک کے غریب ترین افراد کے انداز زندگی کو قابل احترام بنانا ہوگا۔