اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے سینئر لیگی رہنما اور مشیر وزیراعظم پاکستان مہتاب عباسی کی ملاقات۔ دونوں رہنمائوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی گئی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، آزادکشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم ، اورآزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کے حوالہ سے گفتگو ہوئی ۔ راجہ فاروق نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو با اختیار بنانا مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ ہے ،نواز شریف نے آزادکشمیر حکومت کو با اختیار بنانے کا اصولی فیصلہ کر رکھا ہے ۔ آزاد کشمیر حکومت کا با اختیار ہونا پاکستان اور آزادکشمیر کے مفاد میں ہے ۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم پاکستان سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا کہ آزادکشمیر کے عبوری آئین میں ترامیم اور آزادکشمیر حکومت کو با اختیار بنانے کے لیے آزادحکومت کے ساتھ غیر مشروط تعاون کیا جائے گا۔علاوہ ازیں حکومت آزادکشمیر کا آزادکشمیر کے تاریخی وثقافتی ورثے اور نوادرات کو محفوظ بنانے کے لیے بڑا اقدام،آزادکشمیر کے تینوں ڈویژنز میں بین الاقوامی معیار کے میوزیم تعمیر کیے جائیں گے ،اس حوالے سے جلد معاہدہ ہونیکا امکان جبکہ محکمہ آثارقدیمہ کے اندر باقاعدہ شعبہ بھی قائم کر دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ریڈ فورٹ مظفرآبادکی بحالی اور تزئین و آرائش کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی منظور ی دیدی گئی ہے اس حوالے سے وزیراعظم آزادکشمیر کو پیش کردہ رپورٹ کے مطابق آزادکشمیر کے تاریخی ثقافتی ورثے اور نادر اشیاء کے بیش بہا نمونے یہاں موجود ہیں جن کو محفوظ بنا کر سیاحت کے لیے بے پناہ راستے کھولے جاسکتے ہیں اور اس سے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاح بھی اس جانب متوجہ ہو سکتے ہیں وزیراعظم آذادکشمیر کی ہدایت پر محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ نے اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھاتے ہوے تاریخی عمارات کی مرمت کے لیے بین الاقوامی معیار کی کنسلٹنٹ فرمز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اشتہار بھی جار ی کر دیا ہے۔